سلامتی کونسل کی غزہ میں بڑھتی ہلاکتوں پر بھی تشویش
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے غزہ میں بڑھتی ہوئی ہلاکتوں پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے فوری جنگ بندی کی اپیل کی ہے۔
روانڈا کے سفیر ایکوین رچرڈ گاسانا نے اس جنگ بندی اپیل کے بارے میں بتایا ”سلامتی کونسل کے ارکان نے غزہ میں ہونے والی ہلاکتوں میں تیزی پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے ۔” پندرہ 15 رکنی سلامتی کونسل کے اس اجلاس کی صدارت روانڈ ا نے کی ہے۔
روانڈا کے سفیر کے مطابق ” سلامتی کونسل کے ارکان نے فریقین سے فوری جنگ بندی کے لیے کہا ہے۔ واضح رہے سلامتی کونسل کی یہ اپیل اسرائیلی بمباری سے ایک ہی فلسطینی خاندان کے سات بچوں سمیت نو افراد کی ہلاکت کی خبر آنے کے کچھ ہی دیر پہلے سامنے آئی ہے۔ یہ تمام لوگ اپنے گھر کے اندر اسرائیلی بمباری کا نشانہ بنے ہیں۔
آٹھ جولائی سے اسرائیلی کی طرف سے شروع کی گئی جنگ کے نتیجے میں اب تک پانچ سو سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ ان شہید ہونے والوں میں غالب اکثریت عام شہریوں کی ہے جن میں چار سال کے بچوں سے لے کر بوڑھی عورتیں بھی شامل ہیں۔
دریں اثناء ملنے والی ایک اطلاع کے مطابق غزہ کے جنوب میں ایک گھر میں 16 افراد شہید ہو گئے ہیں۔ ایک فلسطینی ذمہ دار قدرہ کے مطابق یہ واقعہ خان یونس کے علاقے میں پیش آیا ہے۔