لکھنؤ ، 31 جنوری (یو این آئی) الہ آباد ہائی کورٹ کی لکھنؤ بنچ نے آج اترپردیش کے سات اضلاع میں مہاتما گاندھی قومی دیہی روزگار گارنٹی ایکٹ (منریگا) میں ہونے والے گھپلے کی تفتیش قومی تفتیشی بیورو سے کرانے کا حکم دیا ہے۔ جسٹس دیوی پرساد سنگھ اور جسٹس اشوک پال سنگھ پر مشتمل بنچ نے یہ حکم سچتانند گپتا کی عرضداشت پر دیا جو گزشتہ مایاوتی حکومت کے دوران ہونے والے پانچ سو کروڑ روپے کے گھپلہ کی تفتیش سے متعلق تھی۔ حالانکہ عرضی گزار نے گھپلے کے شکار چودہ اضلاع میں تفتیش کرانے کا مطالبہ کیا تھا۔واضح رہے کہ اس سے قبل مرکزی دیہی ترقی کے وزیر جے رام رمیش نے اترپردیش کی اکھلیش یادو حکومت سے کئی مرتبہ منریگا گھپلے کی سی بی آئی جانچ کرانے کو کہا تھا جسے اکھلیش حکومت نے مسترد کردیا تھا۔ سی بی آئی پہلے ہی غلہ گھپلے اور قومی دیہی صحت مشن (این آر ایچ ایم) گھپلے کی تفتیش کررہی ہے۔ واضح رہے کہ 102009 میں منریگا کی مرکزی روزگار گارنٹی کونسل اور ریاستی کوالٹی مانیٹر کمیٹی نے ان ساتوں اضلاع میں قومی اسکیم کی عمل درآمد گی میں مبینہ بے ضابطگیوں کے سدباب کے لئے تین علیحدہ انکوائری کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ تفتیش کی رپورٹ پر اس وقت کی مایاوتی حکومت نے کئی ملازمین کے خلاف کارروائی کی تھی لیکن حیر ت انگیز طور پر اس گھپلے میں ملوث ہونے کے ملزم نوکرشاہوں کو چھوڑ دیا گیا۔