لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ امام احمد اللہ بخاری کے ذریعہ کانگریس کی حمایت کئے جانے پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے دلت مسلم مورچہ کے صدر صلاح الدین (شیبو)نے کہاکہ آر ایس ایس اور بی جے پی کی ساز باز سے مظفرنگر میں فسادات ہوئے۔ سماج وادی حکومت کو کٹگھرے میں کھڑا کر دیا گیا۔ بابری مسجد کی شہادت، بٹلہ ہاؤس انکاؤنٹر، دفعہ ۳۴۱ پر پابندی عائد کرنے کی ذمہ دار کانگریس پارٹی کی صفائی پیش کرنا مولانا کی نیت پر سوالیہ نشان لگاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ۲۰۰۴ء میں انہوں نے بی جے پی کی حمایت کی تھی جو شکست کھا گئی تھی ۔ اب کانگریس کو اپنی حمایت پیش کررہے ہیں تو اس کی بھی نیا ڈوبنے والی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس کی آڑ میں ان کا بیان در اصل بی جے پی کے حق میں ہے جو مسلم ووٹوں کو تقسیم کرنا چاہتی ہے۔