لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ ایڈیشنل انجینئر کے عہدہ پر بھرتی کیلئے امیدواروں کے امتحان نتائج روکے جانے پر آج شکتی بھون پر امیدواروں نے مظاہرہ کرتے ہوئے سخت ناراضگی کا اظہار کیا۔ الیکٹرک و الیک ٹاکس سے ڈپلوما اور ڈگری لینے والے انجینئروں نے الزام عائد کیا کہ ابھی تک ان کی کاپیاں نہیں چیک کی گئی ہیں۔ دوسری طرف کارپوریشن کے افسران کا کہنا تھا کہ جن کالجوں سے امیدواروں نے ڈگری حاصل کی ہے وہ کارپوریشن کی فہرست میں شامل نہیں ہیںاسی وجہ سے ان امیدواروں کے نتائج روک دیئے گئے ہیں۔ امیدواروں نے وزیر اعلیٰ کو عرضداشت ارسال کر کے مطالبہ کیا ہے کہ ان کی کاپیوں کی جانچ کراکر نتائج کا اعلان کرایا جائے۔ کارپوریشن کے ایم ڈی اے پی مشرا نے عرضداشت لیکر یقین دہانی کرائی ہے کہ اس مسئلہ پر جلد ہی غور کر کے کوئی فیصلہ کیاجائے گا۔