لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مالے گروپ) نے اعظم گڑھ کو دہشت گردوں کی آماجگاہ کہنے والے بی جے پی کے جنرل سکریٹری و یو پی انچارج امت شاہ کی انتخابی مہم پر فوری اثر سے پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مالے) کے ریاستی سکریٹری رام جی رائے نے کہا کہ اعظم گڑھ میں انتخابی مہم کے دوران امت شاہ کے ذریعہ قابل اعتراض بیان ووٹوں کو فرقہ پرستی کی بنیاد پر تقسیم کرنے کی سازش ہے۔ مسٹر رائے نے کہا کہ امت شاہ کے فرقہ پرستی کے بیانوں کی وجہ سے ان کی تشہیر پر عائد پابندی کو الیکشن کمیشن کے ذریعہ ہٹایا جانا غیر مناسب تھا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ پارلیمانی انتخابات میں بی جے پی کے خراب مظاہرہ سے پیداہوئی مایوسی کے سبب مذکورہ تبصرہ کے سلسلہ میں امت شاہ کی انتخابی مہم پر فوری اثر سے پابندی عائد کر دینی چاہئے۔ اگرایسا نہیں کیاگیا تو انتخابی ضابطہ اخلاق لاچار ضابطہ اخلاق بن کر رہ جائے گا۔