بر لن :ایک جرمن اخبار نے انکشاف کیا ہے کہ امریکی خفیہ ایجنسی نے جرمن چانسلر انگیلا مرکیل کے ساتھ جرمنی کے وزرا اور دیگر عہدے داروں کی بھی جاسوسی کی تھی۔جرمنی کے اخبار نے وکی لیکس کے حوالے سے انکشاف کیا ہے کہ امریکی ایجنسی این ایس اے نے جرمن وزیرخزانہ، وزیراقتصادیات اور وزیرزراعت سمیت کئی وزرا کی جاسوسی کی۔ جرمن اخبار کے مطابق وکی لیکس نے 69 ٹیلی فون نمبروں کی فہرست فراہم کی جن کی جاسوسی کی گئی۔ جاسوسی کا شکار ہونے والوں میں وزرا کے علاوہ اعلیٰ عہدے دار شامل تھے۔ وکی لیکس کو یہ دستاویزات امریکی خفیہ ایجنسی کے سابق اہلکار ایڈورڈ اسنوڈن نے فراہم کی ہیں جس نے این ایس اے کے جاسوسی پروگرام کا بھانڈا پھوڑا تھا۔