نیویارک……..امریکا میں مسلمانوں نے سیاہ فام امریکیوں کے جلائے گئے چرچوں کی بحالی کا ذمہ اٹھالیا۔ جون سے اب تک 8 چرچ آگ سے متاثر ہوچکے ہیں ۔ 17جون کو امریکی ریاست جنوبی کیرولائنا میں ایک نوجوان نے سیاہ فام امریکیوں کے چرچ میں گھس کر فائرنگ کی جس سے 9 افراد جان سے گئے ۔
اس واقعے کے بعد سے اب تک مخصوص سیاہ فام امریکیوں کے 8 چرچ نذر آتش ہوچکےہیں ،تسلسل کے ساتھ آگ کے واقعات کو نسلی تعصب کا نتیجہ قرار دیا جارہاہے ، ان حالات میں بعض مسلمان تنظیمیں یکجا ہوکر افریقن امریکیوں سے نفرت کے خلاف میدان میں نکل آئیں ، اور سیاہ فام امریکیوں کےہاتھ میں ہاتھ ڈالتے ہوئے جلائے گئے چرچز کی دوبارہ تعمیر کا بیڑہ اٹھایا ہے ۔اس مقصد کےلیے ان تنظیموں نے چندہ اکٹھا کرنے کی مہم شروع کی اور صرف پانچ روز میں 23 ہزار ڈالر سے زائد اکٹھے کیے ۔ اٹھارہ جولائی تک جو بھی رقم جمع ہوگی وہ چر چ کے پادریوں کے حوالے کردی جائے گی تاکہ عبادت گاہوں کی دوبارہ تعمیر کی جاسکے ۔