برلن: جرمن وزیر خارجہ فرانک والٹر اشٹائن مائر نے امریکا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جاسوسی سے متعلق سامنے آنے والے نئے الزامات کی وضاحت کرے۔
جمعے کے روز برلن میں اس بابت بات چیت کرتے ہوئے اشٹائن مائر کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ امریکا اس وضاحتی عمل میں تعاون کرے گا۔ اس سے قبل جرمن میڈیا پر سامنے آنے والی رپورٹوں میں بتایا گیا تھا کہ امریکی خفیہ ادارہ این ایس اے جرمن وزرا اور اعلیٰ حکومتی عہدیداروں کے زیر استعمال 69 ٹیلی فون نمبروں کی نگرانی کرتا رہا ہے۔ اسی امریکی ادارے پر جرمن چانسلر انگیلا میرکل کے موبائل فون کی جاسوسی کا الزام بھی لگایا گیا تھا۔