لندن ۔ ایران کے سابق صدر محمود احمدی نژاد نے کہا ہے کہ امریکی وائٹ ہاؤس پر ایرانی پرچم اور شہداء کی تصاویر لہرانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایرانی انقلاب کی قدریں مناسب انداز میں اب دوسری نسل کو منتقل ہو رہی ہیں۔
سابق ایرانی صدر نے ان خیالات کا اظہار جنوب مغربی شہر عبادان میں آٹھ سالہ عراق ۔ ایران جنگ میں حصہ لینے والے فوجیوں اور جنگ زدہ علاقوں کے شہریوں کے ایک اجتماع سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب تک وائٹ ہاؤس پر ایران کا پرچم اور شہدائے انقلاب کی تصاویر نہیں لہرائی جاتیں ہم اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
سابق صدر کا کہنا تھا کہ ہم اپنی قوم کو سلام پیش کرتے ہیں جس نے ایران کی دینی اور ثقافتی اقدار کی اپنی جانوں سے بڑھ کر حفاظت کی۔ ہمارے پاس افراد کا عدیم النظیر ذخیرہ موجود ہے اور اسے بہتر انداز میں استعمال میں لانا ضروری ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے اسی جگہ پر سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے بھی ایک تقریب سے خطاب کیا تھا۔ انہوں نے بھی اپنی تقریر میں عوام الناس سے کہا تھا کہ وہ “انقلاب کی اخلاقی اور دینی قدروں کو اپنی نئی نسل تک پہنچائیں”۔