پینٹاگون نے سعودی عرب کے دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے اضافی 3 ہزار فوجیوں اور فوجی ساز و سامان سعودی عرب میں تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق پینٹاگون کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ امریکا کے سیکریٹری دفاع مارک ایسپر نے 2 پیٹریوٹ میزائل بیٹریز، ایک تھاڈ بیلسٹک میزائل انٹرسیپشن سسٹم، 2 فائٹر اسکواڈرنز اور ایک فضائی ونگ کی تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ سیکریٹری مارک ایسپر نے سعودی عرب کے دفاع کو مظبوط بنانے کے لیے اضافی فوج کی تعیناتی کے حوالے سے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو آگاہ کردیا ہے۔
کہا گیا کہ ‘امریکا نے رواں ماہ سعودی عرب میں 3 ہزار اضافی فوج کی تعیناتی کی منظوری دی ہے’۔
بعد ازاں انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ‘یہ تعیناتیاں خطے میں موجود خطرات اور محمد بن سلمان سے ایرانی جارحیت کی کوششوں سے تحفظ کے حوالے سے بات چیت کو مد نظر رکھتے ہوئے کی گئی ہیں’۔
ان کا کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد نے اضافی تعاون کی درخواست کی تھی۔
امریکا کے محکمہ دفاع کا کہنا ہے کہ ‘مشرق وسطیٰ میں سینٹرل کمانڈ میں رواں سال مئی کے مہینے سے اب تک 14 ہزار اضافی فوج تعینات کی جاچکی ہیں’۔
ستمبر کے مہینے میں امریکا نے سعودی تیل تنصیبات پر حملے کے بعد سعودی عرب میں پیٹریوٹ میزائلز اور 200 فوجی تعینات کرنے کا اعلان کیا تھا۔