واشنگٹن۔ 11 جون (یو این آئی) امریکہ کے صدر براک اوباما نے عبدالفتح السیسی کو مصر کے صدارتی انتخابات میں تاریخی فتح پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ مصر کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے عہدبند ہے۔وہائٹ ہاؤس نے ایک بیان میں بتایا کہ مسٹر اوباما اور مسٹر السیسی کے درمیان گزشتہ روز بات چیت ہوئی جس میں مسٹر اوباما نے مسٹر السیسی کو مصر کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔
مسٹر اوباما نے کہاکہ مصر کے لوگوں کی سیاسی ، اقتصادی اور سماجی خواہشات کو پورا کرنے میں امریکہ اپنی حمایت دے گا۔مغربی ممالک کو امید ہے کہ 30 برس سے زائد تک اقتدار پر قابض رہنے والے آمر حسنی مبارک کا 2011 میں عہدہ سے ہٹائے جانے کے بعد ہونے والے ان انتخابات سے مصر میں ایک نئے صدر کے دور اقتدار میں جمہوریت مزید مضبوط ہوگی ۔ مبارک کو ہٹائے جانے کے بعد مصر میں یہ دوسرا جمہوری الیکشن ہے۔محمد مرسی ملک کے پہلے جمہوری طریقے سے منتخب ہونے والے صدر تھے لیکن ان کے مسلمانوں کے تئیں احترام اور ملک کی اقتصادی حالت کے تئیں سنجیدہ نہ ہونے کے سبب ان کے خلاف تحریک شروع ہوئی اور انہیں عہدہ سے ہٹا دیا گیا۔ گزشتہ تین برسوں میں دوحکمرانوں سے نجات پانے والے مصر کے ساتھ ساتھ مغربی ممالک کو بھی امید ہے کہ جنرل السیسی کی دور اقتدار میں مصر ترقی کرے گا۔