واشنگٹن: امریکہ نے ہندستان کی قائدانہ صلاحیت اور ذمہ دارانہ رویہ کی جم کر تعریف کرتے ہوئے آج کہا کہ جوہری ہتھیار اور جوہری مواد کے بندوبست میں ہندستان نے اہم رول ادا کیا ہے ۔ واشنگٹن میں آج شروع ہونے والی جوہری سلامتی سے متعلق دوروزہ سربراہ کانفرنس سے پہلے ہندستان کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال کے ساتھ ہوئی ملاقات کے دوران وزیر خارجہ جان کیری نے کہا، ” قائد کی حیثیت سے ، ایک ذمہ دار ملک کی حیثیت سے ہندستان کی ایک طویل تاریخ رہی ہے ۔ موجودہ منظر نامے میں، جہاں ہم دیکھتے ہیں کہ کچھ ایسے فیصلے کئے جا رہے ہیں، جس سے ہتھیاروں کی دوڑ تیز ہوسکتی ہے ، تو ایسے میں ہندستان کا کردار اہم ہو جاتا ہے ۔ ہم نے اس مسئلے کو دیگر شراکت داروں کے سامنے بھی اٹھایا ہے ۔ ”
مسٹر کیری نے صاف ستھری توانائی اور کاربن اخراج کو کم کرنے میں ہندستان کے کردار کی تعریف کی۔ مسٹر کیری نے امید ظاہر کی کہ سربراہ کانفرنس تمام ممالک کو دنیا کے تئیں ان کی ذمہ داری اور ان کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات کے نتائج کی بہتر سمجھ پیدا کرے گی۔انہوں نے کہا، ”صدر اوباما نے ہند امریکہ تعلقات کو اس صدی کا سب سے اہم رشتہ قراردیا ہے اور اس کی کئی وجوہات ہیں۔ ہندستان ، دنیا کی سب سے مضبوط اور بڑی جمہوریت ہے اور وہ ٹیکنالوجی اور توانائی کے مسئلے پر امریکہ کا حقیقی ساتھی رہا ہے ۔مسٹر ڈوبھال نے امید ظاہر کی کہ آنے والے برسوں میں ہند- امریکہ تعلقات نئی بلندیوں کو چھوئیں گے اور اے مزید مضبوطی ملے گی۔ ہندستان اور امریکہ کے سامنے کئی مسائل یکساں نوعیت کے ہیں جیسے دہشت گردی، سائبر حملے اور دونوں ملک اس سے نمٹنے کے لئے ساتھ مل کر کام کر رہے ۔