اودے پور، 19 دسمبر (یوا ین آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی )کی قومی نائب صدر اور راجسمند کی ممبر اسمبلی کرن ما یشوری نے ہندوستانی سفارت خانے کی اہلکار دیویانی کی توہین کو ہندوستان کی خود داری پر شدید حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ دنیا کی تمام خواتین کی توہین ہے۔ محترمہ ما یشوری نے آج یہاں ایک بیان میں کہا کہ ہندوستان کی توہین کرنا امریکی حکومت کی عادت بن گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریسی حکومت کی کمزور خارجہ پالیسی کی وجہ سے ہی امریکہ انسانی وقار، سفارتی تعلقات اور دوستی کو مسلسل نظر انداز کرتا رہا ہے ۔ اس واقعہ پر امریکی حکومت کا رد عمل ان کی بیحسی اور غرورکو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت امریکی کمپنیوں کو ہندوستان میں دی جا نے والی سہولتوں کا جائزہ لے اور امریکہ کے تئیں وہی رویہ اختیار کرے جو وہاں ہندوستان کے ساتھ ہوتا ہے۔ ہندوستان میں امریکی سفارت کاروں کی تعداد پر بھی حکومت کو غور کرنا چاہیے۔