امریکا کے ایک معروف اداکارہ لینڈسی لوھان کو حال ہی میں انگریزی ترجمے کے ساتھ قرآن پاک کا ایک نسخہ تھامے دیکھا گیا ہے جس کے بعد ان کے قبول اسلام سے متعلق قیاس آرائیوں میں مزید اضافہ ہوگیا ہے تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ آیا لوھان نے اسلام قبول کرلیا یا نہیں۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق لینڈسی لوھان کو حال ہی میں نیویارک کی بروکلین کالونی میں قرآن پاک کا ایک نسخہ بغل میں دبائے دیکھا گیا ہے جس کے بعد اس کی قبول اسلام کی قیاس آرائیوں
اور افواہوں میں بھی تیزی آگئی تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی اداکارہ 28 سالہ لوھان کو نیویارک میں قرآن پاک اٹھائے اس وقت دیکھا گیا جب وہ عدالت کے فیصلے کے تحت ’’ڈوفیلڈُ‘‘ چلڈرن سینٹر میں صفائی کرنے آئی تھیں۔
یاد رہے کہ نیویارک کی ایک عدالت میں لینڈسی لوھان کے خلاف لاپرواہی سے کار چلانے اور ایک کوڑا کرکٹ اٹھانے والے ٹرک کے ساتھ کار ٹکرانے کے الزام میں مقدمہ چلایا گیا اور عدالت نے اسے قانون شکنی پاداش میں بہ طور سزا بچوں کے ایک اسکول میں صفائی اور دیگر سماجی کام کرنے کا حکم دیا تھا۔
برطانوی اخبار ’’ڈیلی میل‘‘ کے مطابق یہ پہلا موقع نہیں جب لوھان کو قرآن پاک کا نسخہ اٹھائے دیکھا گیا ہے۔ ماضی میں بھی ان پر روحانیت کے قریب ہونے کی قیاس آرائیاں کی جاتی رہی ہیں۔ امریکی صحافی اور اینکر اوپرا وینفرے کو دیے گئے ایک انٹرویو لوھان نے خود بھی اعتراف کیا تھا کہ ’’میں خو کو ایک روحانی شخصیت‘‘ سمجھتی ہوں اور روحانیت ہی کی طرف مائل ہو رہی ہوں‘‘۔
لینڈسی لوھان بیک وقت اٹلی اور آئرلینڈ کا خاندانی پس منظر رکھتی ہیں اور انہوں نے کم عمری میں کیتھولک عیسائی فرقے کی تعلیم بھی حاصل کی تھی۔ بعد ازاں انہوں نے دیگر مذاہب کی تعلیمات کا بھی مطالعہ کیا۔
ڈیلی میل کے مطابق کچھ عرصہ پہلے لوھان نے اپنے ’فیس بک‘ صفحے پربھی قرآن پاک کی کچھ آیات پوسٹ کی تھیں تاہم بعد ازاں انہیں ہٹا یا گیا تھا۔
قرآن پاک کا نسخہ اٹھائے جانے کی وجہ بیان کرتے ہوئے لوھان کا کہنا ہے کہ وہ جب نشے اور شراب سے تنگ آکر روحانیت میں پناہ حاصل کرنا چاہتی ہے کتاب اللہ کا سہارا لیتی ہے کیونکہ قرآن کریم میں شراب اور نشے سے پاک زندگی اختیار کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔
برطانوی اخبار ’ڈیلی میل‘ کے مطابق امریکا کی مشہور اداکارہ کا قرآن پاک اٹھانا ان کے قبول اسلام کی قطعی دلیل نہیں ہوسکتا۔ وہ روحانیت کی طرف مائل ہیں اور تمام آسمانی مذاہب کے ساتھ یکساں تعلق رکھتی ہیں۔ انہیں یہودیوں کی مذہبی تقریبات میں بھی دیکھا گیا ہے۔ اس کے علاوہ اسے بازو پر یہودیوں کی خصوصی مذہبی علامت سرخ رنگ کا ایک ’کڑا‘ بھی دیکھا گیا ہےجس کے بارے میں لوھان کا کہنا ہے کہ یہ حسد سے بچاتا ہے۔