امریکی ریاست اوہائیو کے شہر ایکرون میں ایک چھوٹا طیارہ، رہائشی عمارت سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار کم از کم 9 افراد ہلاک ہوگئے۔
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق منگل کے روز ایک چھوٹا بزنس طیارہ ایکرون فولٹن ایئر پورٹ سے قریب کے فاصلے پر ہی تھا کہ ایک عمارت سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں نو افراد ہلاک ہوگئے- ایکرون کے بزنس جرنل اور طیارے کے مالک اوگیسٹو لیو کوویچ کا کہنا ہے کہ طیارے میں دو پائلٹس سمیت 9 افراد سوار تھے-
انھوں نے کہا ہے کہ مقتولین کے عزیزوں سے رابطہ کیے بغیر وہ طیارے میں موجود افراد کی شناخت نہیں بتا سکتے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ وہ متعلقہ خاندانوں سے پہلے خود ملنا چاہیں گے۔ اوہائیو کے ہائی وے پیٹرول اسٹاف لیفٹیننٹ بل ہائیمیکر نے بتایا کہ زمین پر موجود کسی بھی شخص کی ہلاکت کی اطلاعات نہیں ہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ کی جانب سے ایک ٹیم جائے وقوعہ پر روانہ کردی گئی ہے جبکہ تحقیقات کا آغاز بھی کیا جاچکا ہے۔