کولمبیا: جنوبی امریکی ریاست کیرولائنا کی گورنر نکی ہیلے کہا ہے کہ ان کی ریاست میں حالیہ ہونے والی طوفانی بارشوں نے ریاست میں بارش کا 1000 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے جبکہ سیلاب اور طوفانی بارش سے اب تک 11 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔فرانسیسی خبررساں ادارے کے مطابق نیشنل ویدر سروس کا کہنا ہے کہ گزشتہ جمعرات سے ریاست کے مختلف شہروں میں 36 سینٹی میٹر تک بارش ہوئی جو ریاست کی تاریخ میں بارشوں کا نیا ریکارڈ ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق حالیہ بارشوں کے باعث ہلاک ہونے والے 11 افراد میں سے 4 ٹریفک حادثات جبکہ 7 ڈوبنے کی وجہ سے ہلاک ہوئے۔
بارش سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ریاستی دارالحکومت کولمبیا میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے گورنر نکی ہیلے کا کہنا تھا کہ حالیہ ریکارڈ بارشوں نے تقریباً 26 ہزار افراد کو بجلی اور 40 ہزار کو پینے کے پانی جیسی بنیادی سہولت سے محروم کردیا ہے۔
شدید بارش کے باعث ریاست کی متعدد سڑکیں اور پل ٹریفک کے لیے بند کر دیئے گئے ہیں جبکہ بارش میں پھنسے افراد کو کشتیوں اور ہیلی کاپٹرز کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے تاہم ہزاروں افراد اب بھی امداد کے منتظر ہیں۔