واشنگٹن: امریکہ میں صدارتی انتخابات کے لئے ریپبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ نے آج اپنے ایک بیان میں کہا کہ اگر وہ 8نومبر کو ہونے والے انتخابات میں کامیاب ہوتے ہیں تو اسلامک اسٹیٹ (داعش) کے دہشت گردوں کے خلاف ناٹو فوج کا استعمال کریں گے ۔اے بی سی نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں مسٹر ٹرمپ نے امریکہ کی طرف سے ناٹو کو دیئے جانے والے فنڈ کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ موجودہ وقت کے خطرات کے پیش نظر اب وقت آ گیا ہے کہ اس فنڈ کے بارے میں دوبارہ غور کیا جائے ۔ ٹرمپ نے کہا کہ ناٹو کے علاوہ دیگر پڑوسی ممالک کی فوجوں کو بھی ساتھ آ کر اسلامک اسٹیٹ کے خلاف کارروائی کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر بارک اوباما کی شام اور عراق میں اسلامک اسٹیٹ کے ٹھکانوں پر حملوں کے لئے صرف امریکی ایئر فورس پر انحصار رہنے کی پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے ریپبلکن پارٹی کے لوگوں نے اس پالیسی کو دہشت گردوں سے لڑنے کے لئے ناکافی قرار دیا ہے ۔