لکھنؤ:اترپردیش سے راجیہ سبھا کی 11 سیٹوں پر ہو رہے انتخابات کے لئے امر سنگھ سمیت سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے سات امیدواروں نے آج کاغذات نامزدگی داخل کئے ۔راجیہ سبھا امیدواروں کے ساتھ ہی قانون ساز کونسل کی 13 نشستوں پر ہو رہے انتخابات کے لئے ایس پی کے آٹھ امیدواروں نے پرچہ داخل کیا. راجیہ سبھا کے لئے کاغذات نامزدگی داخل کرنے والوں میں امر سنگھ، بینی پرساد ورما، سنجے سیٹھ، سکھرام سنگھ یادو، ریوتی رمن سنگھ، وشمبھر نشاد اور سریندر ناگر شامل ہیں۔
قانون ساز کونسل کے ایس پی امیدواروں میں بلرام یادو، بکل نواب، شتردر پرکاش، یشونت سنگھ، رام سندر داس نشاد، جگ جیون پرساد، کملیش پاٹھک اور رن وجے سنگھ نے پرچہ داخل کیا۔ایس پی نے سریندر ناگر کو اروند پرتاپ سنگھ کی جگہ امیدوار بنایا ہے . مسٹر ناگر کے نام کا کل دیر شام اعلان کیا گیا تھا. اس سے پہلے اروند پرتاپ سنگھ امیدوار اعلان کئے گئے تھے ۔ امر سنگھ اپنے کنبہ کے ساتھ نامزدگی داخل کرنے آئے تھے ، تاہم نامزدگی کے وقت امر سنگھ کے نہایت قریبی اور اپنے زمانے کی مشہور اداکارہ جیہ پردہ کا نظر نہ آنا موضوع بحث رہا۔
اسمبلی کے چیف سکریٹری اور پریزائڈنگ افسر پردیپ کمار دوبے کے مطابق تمام امیدواروں نے دو دو سیٹوں پر کاغذات نامزدگی داخل کئے ہیں۔بہوجن سماج پارٹی نے ستیش مشرا اور اشوک سدھارتھ کو راجیہ سبھا کے لئے جبکہ اتر سنگھ راؤ، دنیش چندرا اور سریش کشیپ کو قانون ساز کونسل کا امیدوار بنایا ہے . بی ایس پی اپنے امیدواروں کی آئندہ 28 مئی کو نامزدگی داخل کروا سکتی ہے ۔
بھارتیہ جنتا پارٹی اور کانگریس نے ابھی تک اپنے امیدواروں کا اعلان نہیں کیا ہے ۔ انتخابات کا نوٹیفکیشن کل جاری ہوا تھا۔ نامزدگی داخل کرنے کا عمل 31 مئی تک جاری رہے گا. نامزدگی کاغذات کی جانچ یکم جون کو ہوگی جبکہ تین جون تک نام واپس لئے جا سکیں گے . سمجھا جاتا ہے کہ امیدوار بلامقابلہ جیت جائیں گے اگر ضرورت ہوئی تو راجیہ سبھا کے لئے 11 اور قانون ساز کونسل کے لئے 10 جون کو پولنگ ہوگی۔ نتائج اسی دن اعلان کر دیے جائیں گے .