ؒلکھنؤ(نامہ نگار)اموسی رن وے کی جلد ہی توسیع کی جائے گی۔ انتظامیہ نے اس کیلئے ضروری آراضی فراہم کرانے اور سروے سے متعلق رکاوٹوں کو دور کرنے کے ساتھ سروے کے کام کو ایک ہفتہ میں مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ یہ اطلاع ضلع مجسٹریٹ راج شیکھر نے دی ہے۔ انہوںنے بتایا کہ رن وے کی توسیع کیلئے ضروری آراضی کا ۵۰فیصد سروے کام مکمل ہو چکا ہے اور ۵۰فیصد سروے ابھی باقی ہے۔ ضلع مجسٹریٹ کیمپ دفتر میں منعقد رن وے توسیع کے جلسہ کی صدارت کر رہے تھے۔ انہوں نے ایئر پورٹ اتھارٹی کو ہدایت دی ہے کہ وہ ایئر پورٹ کے آس پاس کے ممنوعہ علاقوں میں غیر قانونی تعمیرات کی نشاندہی کرے اور اس کی فہرست ایل ڈی اے کوفراہم کرے، جس سے غیر قانونی تعمیرکرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔ ضلع مجسٹریٹ نے رن وے کے توسیع علاقے میں آنے والی ۶ء۵؍ایکڑ گاؤں سبھا کی آراضی پر غیر قانونی تعمیر کو ہٹانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اس پر رن وے توسیع کا کام دوبارہ شروع کرایا جائے اور غیر قانونی تعمیر کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی شروع کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جس زمین کاسروے کیا جارہا ہے اس کی فوٹوگرافی بھی کرا لی جائے تاکہ آج کی تاریخ میں اس زمین کی پوری صورتحال ایک دستاویز کی شکل میں آنے والے دنوں میں محفوظ رہے اور اس پر مستقبل میں تعمیر اگر ہو تو اس کی نشاندہی کرنے میں آسانی ہو۔اس موقع پر ڈائرکٹرایئر پورٹ ایس سی ہوتا، ایڈیشنل ضلع مجسٹریٹ انتظامیہ راجیش کمار پانڈے، اے ڈی ایم شہر مشرق ندھی شریواستو، ایس ڈی ایم صدر ارون کمار، تحصیلدار صدر جے پی یادو، اسسٹنٹ جی ایم اموسی ایئر پورٹ لکھنؤ مہندر سنگھ، ڈی ایف او ایس سی یادو سمیت دیگر متعلقہ افسروغیرہ موجود تھے۔