لکھنؤ ، 30 جنوری (یو این) معروف فلم اداکار اور سماج وادی پارٹی (ایس پی) سے راجیہ سبھا کی رکن جیہ بچن نے انکشاف کیا ہے کہ پارٹی نے ان کے شوہر امیتابھ بچن سے لوک سبھا کا الیکشن لڑنے کے لئے کہا تھا لیکن انہوں نے اس تجویز کو مسترد کردیا تھا۔محترمہ بچن نے سماج وادی پارٹی کے سابق نظریہ ساز برج بھوشن تیواری کی جدوجہد سے بھری زندگی پر مبنی قلمکار راھا کرشن کی کتاب میں کہا ہے کہ سماج وادی پارٹی کی قیادت نے سال 2004 اور 2009 میں ان کے شوہر سے لوک سبھا کا الیکشن لڑنے کی گزارش کی تھی لیکن انہوں نے پارٹی کی اس تجویز کو ماننے سے صاف انکار کردیا تھا۔ جیہ بچن کے بقول سماج وادی پارٹی نے ان کے شوہر سے کہا تھا کہ وہ کسی بھی سیٹ سے الیکشن لڑسکتے ہیں لیکن مسٹر بچن اس کے لئے تیار نہیں ہوئے۔ انہیں دو بار راجیہ سبھا میں بھیجنے کی بھی پیشکش کی گئی لیکن مسٹر بچن نے صاف منع کردیا۔ محترمہ بچن نے کہا ہے کہ بوفورس گھوٹالے کے جھوٹے الزامات سے برگشتہ انکے شوہر نے کنبہ پر کوئی آنچ نہ آنے کی شرط پر انہیں (محترمہ بچن کو) سیاست میں آنے کی اجازت دی تھی۔