نئی دہلی، 9 جولائی (یو این آئی) لوک سبھا انتخابات میں بی جیپی کو اترپردیش میں سب سے زیادہ نشستیں دلاکر سنگھ پریوار کا دل جیتنے والے گجرات کے سابق وزیر اور وزیراعظم نریندر مودی کے انتہائی قریبی امت شاہ کو آج اتفاق رائے سے پارٹی کا نیا صدر مقرر کیا گیا۔مسٹر شاہ کے نام پر بی جے پی پارلیمانی بورڈ نے آج یہاں مہر لگائی۔ بی جے پی کے صدر راج ناتھ نے پارلیمانی بورڈ کی میٹنگ کے بعد مسٹر مودی اور پارٹی کے دیگر سینئر لیڈروں کی موجودگی میں پریس کانفرنس میں مسٹر شاہ کو صدر نامزد کئے جانے کا اعلان کیا۔ اس میٹنگ میں سینئر لیڈر لال کرشن اڈوانی ، مرکزی وزراء ارون جیٹلی، محترمہ سشماسوراج، نتن گڈکری ، اننت کمار سمیت بورڈ کے دیگر اراکین بھی موجود تھے۔مسٹر سنگھ نے مرکزی وزیر داخلہ بننے کے بعد ایک شخص ایک عہدہ کے اصول پر چلتے ہوئے بی جے پی کے صدر کا عہدہ چھوڑ دیا۔ نریندر مودی حکومت کے وجود میں آنے کے بعد سے بی جے پی کے نئے صدر کے لئے ناموں پر بات چیت شروع ہوگئی تھی۔ مسٹر شاہ کا نام شروع میں اس عہدہ کے لئے سب سے آگے تھا لیکن درمیان میں کچھ دیگر افراد کو یہ ذمہ داری سونپنے کی قیاس آرائیاں
بھی ہوتی رہیں۔