نئی دہلی: نریندر مودی حکومت کے دوسرے عام بجٹ کو اپوزیشن نے امیروں اور بڑے صنعتی گھرانوں کا بجٹ قرار دیا ہے جبکہ حزب اقتدار نے اسے ترقی رخی اور زمین سے جڑے عام لوگوں کا بجٹ قرار دیا ہے ۔لوک سبھا میں کانگریس کے لیڈر ملک ارجن کھڑگے نے پارلیمنٹ میں مالی سال 17۔2016 کا عام بجٹ پیش ہونے کے بعد پارلیمنٹ کے احاطے میں نامہ نگاروں سے کہا کہ یہ بجٹ صنعت کاروں کے مفاد میں ہے اور ان کے مفادات کا تحفظ کرتا ہے ۔ حکومت کچھ نیا نہیں کر رہی ہے اور کانگریس کی قیادت والی سابقہ ترقی پسند اتحاد حکومت کی اسکیموں کو آگے بڑھا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جب بھارتیہ جنتا پارٹی اپوزیشن میں تھی تو منریگا اور آدھار جیسی اسکیموں کی سخت تنقید کرتی تھی لیکن اب انہیں منصوبوں کو آگے بڑھا رہی ہے ۔ غریبوں کے مفادات میں کوئی نئی اسکیم شروع نہیں کی گئی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ یہ امیروں کا بجٹ ہے اور اس میں کسانوں کا کوئی فائدہ نہیں ہے ۔کسان گزشتہ دو برسوں سے خشک سالی سے دو چار ہیں۔حکومت کو ان کا قرض معاف کرنا چاہئے تھا۔انہوں نے کہا کہ کالا دھن باہر نکالنے کی آڑ میں حکومت بڑے صنعتی گھرانوں اور کارپوریٹ سیکٹروں کو فائدہ پہنچا رہی ہے ۔ حکومت نے 45 فیصد ٹیکس کے ساتھ چھپائی گئی دولت باہر نکالنے کا اعلان ہے ۔ محصولاتی خسارہ 2015-16 کے 2.8 فیصد سے کم کرکے 2016-17 کے لئے 2.5 فیصد کردیاگیا ہے ۔وزیر خزانہ نے بینکوں کو مستحکم کرنے کے لئے اقدامات کرنے کا بھی اعلان کیا ہے ۔کم آمدنی والے ٹیکس دہندگان (پانچ لاکھ سے زیادہ نہیں) کو انکم ٹیکس حد میں راحت دی گئی ہے اور یہ 2000 سے بڑھاکر 5000 کردی گئی ہے ۔
مسٹر جیٹلی نے اعلان کیا کہ اس سال ٹیکس سلیب میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔35 لاکھ روپئے تک کے مکان کے قرضوں پر 50 ہزار روپئے تک کی اضافی چھوٹ دی گئی ہے ۔تمام خدمات پر 0.5 فیصد محصول لگایا گیاہے جو زرعی شعبے کو تقویت پہنچانے کے لئے استعمال ہوگا۔ مسٹر جیٹلی نے کہا کہ زرعی شعبے کے لئے کل بجٹ تخصیص 35.984 کروڑ روپے ہو گی، 20،000 کروڑ روپے کا طویل مدتی آب پاشی فنڈ قائم کیا جائے گا۔اس کے علاوہ 500 کروڑ روپے دالوں کی پیداوار کو فروغ دینے مختص کئے گئے ہیں۔
دیہی ترقی پر کافی زوور دیا گیا ہے ۔گرام پنچایتوں اور بلدیاتی اداروں کے لئے گرانٹ کی رقم می ایک بڑا اضافہ کرتے ہوئے یہ رقم 2.87 لاکھ کروڑ روپئے کر دی گئی ہے ۔ پردھان منتر گرام سڑک یوجنا کے لئے 19،000 کروڑ روپے فراہم کئے گئے ہیں تاکہ دیہی علاقوں کو ساختیاتی ترقی دی جاسکے ۔ 38.500 کروڑ روپئے منریگا کے لئے مختص کئے گئے ہیں۔وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ متحدہ زراعی ای پلیٹ فارم ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی سالگرہ پر قوم کے نام کیا جائے گا۔مسٹر جیٹلی کے بجٹ میں روزگار کے مواقع بڑھانے ، بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے ، تعلیمی سہولیات فراہم کرنے ، درج فہرست ذات و قبائل کو اقتصادی طور پر بااختیار بنانے اورغریبی کی سطح سے نیچے زندگی گزارنے والے کنبوں کو راحت اور امدادپہنچانا بھی شامل ہیں.۔انہوں نے اعلان کیا کہ حکومت پہلے تین سال کے دوران تمام ملازمین کے لئے 8.33 روپے فی صد کی شراکت کے ذریعے ای پی ایف کی رقم ادا کرے گی۔