نئی دہلی (وارتا) شیئر بازار کے ریکارڈ بلندی پر پہنچنے اور ڈالر کے مقابلے روپئے کے مضبوط ہونے سے ملک میں ارب پتی افراد کی فہرست میں مکیش امبانی کی بادشاہت متواتر تیسرے برس بھی برقرار ہے۔ جب کہ کمار منگلم بڑلا چھٹے مقام سے پھسل کر آٹھویں مقام پر آگئے ہیں۔ کاروباری میگزین ہرون کی ہندوستان کے ۲۳۰ امیر ترین افراد کی فہرست ۲۰۱۴ میں ریلائنس انڈسٹریز کے صدر مکیش امبانی سر فہرست برقرار ہیں۔
گذشتہ برس کے مقابلے ان کا اثاثہ ۳۷فیصد کے اضافے کے ساتھ ۶۵ء۱لاکھ کروڑ روپئے پر پہنچ گیاہے۔
جب کہ اس دوران آدتیہ بڑلا گروپ کے کمار منگلم بڑلا کے اثاثے میں ۲۴فیصد اضافے کے ساتھ ۶۱۶۲۰کروڑ روپئے ہوجانے کے باوجود وہ گذشتہ سال کے مقابلے دو مقام نیچے آگئے ہیں۔ میگزین کے مطابق مسٹر امبانی نے اپنی ریفائنری کاروبار کی توسیع کے مقصد سے ۷۸ہزار کروڑ روپئے سرمایہ کاری کی منظوری دی تھی۔
ساتھ ہی ملک کے معروف ذرائع ابلاغ کے اداروں میں سے ایک نیٹ ورک ۱۸ میں اپنی حصہ داری بڑھانے کیلئے ۴۲۰۰ کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری بھی کی تھی۔ فہرست میں ادویات کے میدان کی معروف کمپنی سن فارما سیوٹکلس کے دلیپ شانگھوی آر سیلر متل کے ایل این متل کو بچھاڑتے ہوئے دوسرے مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ گذشتہ سال کے مقابلے ان کا اثاثہ ۴۳ فیصد بڑھکر۲۹ء۱ لاکھ کروڑ روپئے ہو گیاہے۔ اس سال سن فارما نے اسی میدان کی کمپنی رین بیکسی کی تحویل بھی حاصل کی ہے۔