نئی دہلی ۔ ہندوستان میں ایسے لوگ بھی موجود ہیں جن کی دولت بے حد و بے حساب ہے۔ انہی میں سے ایک مکیش امبانی ہیں۔مکیش امبانی نے اس سال بھی دولتمند ترین بھارتی ہونے کا اعزاز برقرار رکھا ہے۔ مکیش امبانی 21 ارب ڈالر کی دولت کے مالک بتائے گئے ہیں۔ بھارت کی دوسری امیر ترین شخصیت کے طور پر لوہے کے کاروبار کے ٹائیکون لکشمی مٹل نے بھی 16 ارب ڈالر کی دولت کے ساتھ پچھلے سال کی طرح اپنی پوزیشن برقرار رکھی ہے۔
اس سلسلے میں باضابطہ اعداد و شمار ایک امریکی کاروباری جریدے ” فاربس ” کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ میں بھارت کے ایک سو امیر ترین کاروباری شخصیات کی بھی تفصیل جاری کی گئی ہے۔ ایک سو امیر ترین بھارتیوں کی دولت میں مجموعی طور پر تین فیصد کے حساب سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
امیر ترین بھارتیوں کے حوالے سے شائع شدہ رپورٹ میں ”سن فارما ”کے مالک دلیپ شنگھاوی کو 13 ارب 90 کروڑ ڈالر کی دولت کے ساتھ تیسرے نمبر پر دکھایا گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق بھارت کی مجموعی معیشت کے ڈانواں ڈول ہونے کی وجہ دولت میں سالانہ اضافہ مثالی نہیں رہا ہے۔