قدرت کے عطا کردہ پھل بے شمار ہیں لیکن ان میں انار کو زمانے میں غذااور دوا کی حیثیت سے بلند مقام حاصل ہے۔اس پھل کا بیرونی چھلکا سخت ہوتاہے ،اس کے اندر سفید وسرخ رنگ کے رسیلے دانے بھرے ہوتے ہیں جو ٹھوس گودے میں لپٹے اور محفو ظ ہوتے ہیں ۔انار کی بعض اقسام کے خوش ذائقہ ،شیریں اور نیم ترش دانوں میں سخت بیج ہو تے ہیں اور بعض اقسام میں نرم بیج ہوتے ہیں ۔انار قلب اور جگر کیلئے بہت مفید ہو تاہے ۔طب یونانی اور مشرقی کے علاوہ طب ہندی میں بھی اسے قلب اور جگر کے امراض کے علاج میں اہم مقام حاصل ہے۔
انار شریانوں کو صاف رکھنے کے علاوہ جگر کی صحت ،اس کی اصلاح اور کار گزاری میں اضافہ کرتاہے۔ انار مفرح ،مسکن اور زور ہضم ہو تاہے۔ شربت انار او رجوراش انارین طب میں بہ کثرت استعمال ہوتے ہیں ۔ایک کلو انار میں ۳۴۶؍حرارے ،۷،۱
۸؍نشاستے ، ۷ء۱۳ گرام شکر ،۴۰؍گرام ریشہ ،۱۰۲؍گرام چکنائی ،۷ء۱ گرام پروٹین ،۷۰ء۰ملی گرام حیاتین ب، ۷۰ء۰؍ملی گرام رائبوفلاون ، ۲۹ء۰؍ملی گرام نیا سن ،پینٹو تھینک ایسڈ ۳۸ء۰؍ملی گرام اور حیاطین ب۶؍(وٹامن بی ۶؍) ۰۸ء۰؍ملی گرام ہو تے ہیں۔ فولیٹ کے علاوہ اس میں حیاتین ج (وٹامن سی ) ۱۰ ملی گرام کیلشیم ۱۰؍ملی گرام فولاد ۳ء۰؍ملی گرام، میلنیشیئم ۱۲؍ملی گرام ،فاسفورس ۳۶ ملی گرام ،پوٹا شیم ۲۳۶؍ملی گرام اور جست (زنک )۳۵ء۰؍ملی گرا م بھی ہوتے ہیں ۔
انار مانع تکسید ہونے کے علاوہ خون کو پتلا رکھتا ہے ۔اس کے کھانے سے خون کا دبائو تیزی سے معمول پر آجاتا ہے ۔یہ قلب کی تکالیف دور کرنے میں بہت موثر ثابت ہو تاہے ۔تازہ تحقیق کے مطابق بھول یا نسیان کے مرض کے خاتمے کیلئے بھی انار کھانا مفید ہوتاہے ۔اچھی صحت بر قرار رکھنے کیلئے روزانہ ایک گلاس انار کا رس پینا بہت مفید اور صحت بخش قرار دیا جاتاہے ۔انار پیٹ کے اطراف جمع ہونے والی چربی کم کرنے کے علاوہ فالج کے خطرے سے بھی محفوظ رکھتا ہے ا س کیلئے انار گردوں کی سوجن دور کرنے میں بھی بہت مفید ہے ۔مصلح جگر کی حیثیت سے انار کا کھانا ،خاص طور پر یرقان سے چھٹکارا پانے کیلئے بہت مفید اور مؤثر ثابت ہو تاہے اسی طرح اس کا رس خشک کھانسی دور کرنے کیلئے بھی مفید ہے ۔انار کی جڑ کا چھلکا پیٹ کے کیڑے خارج کرنے کیلئے مؤث ثابت ہوتا ہے ۔بعض معالجین کے مطابق جڑ کی چھال کا جو شاندہ پرانے بخار کے مریضوں کو پلانے سے فائدہ ہو تاہے۔ اس جوشاندہ کو پینے سے بڑھی ہوئی تلی معمول پر آجاتی ہے ۔انار کے رس سے جیلی مقوی اور صحت بخش ہوتی ہے ۔یہ جیلی خاص طور پر قلب اور دماغ کی کمزوری دور کرنے کیلئے مؤثر ثابت ہوتی ہے۔