ریاست بہار کے یہ علاقے ماؤنواز باغیوں کے زیر اثر تسلیم کیے جاتے ہیں
بھارتی ریاست بہار کے جموعی ضلع میں جمعرات کی صبح ہونے والے ایک دھماکے میں مرکزی ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے دو جوانوں کی موت ہو گئی اور ديگر کئی افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
جموعی سے بی بی سی کے نامہ نگار نے بتایا ہے کہ زخمیوں کو علاج کے لیے جموعی کے ضلعی ہسپتال لے جایا گيا ہے۔
بی بی سی سے بات کرتے ہوئے جموعی کے ایس پی جيتندر رانا نے بتایا کہ دھماکے کا یہ واقعہ جموعی ضلعے کے ہیڈکوارٹر سے 40 کلو میٹر کے فاصلے پر جنگٹا کے جنگلوں میں پیش آيا ہے۔
جمعرات کو پارلیمانی انتخابات میں پولنگ کے تیسرے روز میں ریاست بہار کی جن چھ لوک سبھا سیٹوں کے لیے پولنگ ہو رہی ہے وہ تمام علاقے ماؤنواز باغیوں کے زیر اثر ہیں۔
جمعرات کو جموعی میں بھی پولنگ ہو رہی ہے۔ صبح سویرے ہونے والے واقعے کے پیش نظر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ اس علاقے کو حساس قرار دیا گیا ہے اور شرپسند عناصر کو روکنے کے لیے رات بھر شہر کے ہوٹلوں میں چھاپے مارے گئے۔
بی بی سی کے نمائندے پنکج پریہ درشی نے بتایا کہ جموعی سے لوك جن شكتی پارٹی (ایل جے پی) کے سربراہ رام ولاس پاسوان کے بیٹے اور اداکار چراغ پاسوان امیدوار ہیں۔
بہار میں لوک جن شکتی پارٹی بھارت کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت بی جے پی کی نئی اتحادی پارٹی ہے۔
دوسری جانب ریاست بہار میں برسراقتدار جماعت جنتا دل ینائٹیڈ نے جموعي انتخابی حلقے سے بہار اسمبلی کے صدر ادے نارائن چودھری کو میدان میں اتارا ہے۔