لکھنؤ،23 مارچ (یو این آئی) آئندہ 16 ویں لوک سبھا انتخابات کی سرگرمیاں جیسے جیسے آگے بڑھ رہی ہیں ویسے ویسے نریندر مودی سمیت کچھ دیگر لیڈروں کے بارے میں تحریر کردہ کتابیں بھی اپنا اثر دکھا رہی ہیں۔
کتابوں کی دنیا میں اس وقت سب سے زیادہ مسٹر مودی کے بارے میں تحریر کردہ کتابیں پسند کی جارہی ہیں۔ ای شاپنگ پورٹل سے لے کر کتابوں کی دکانوں تک مودی کے بارے میں لکھی گئی 24 سے زائد کتابوں کی مانگ بڑھی ہے۔
مسٹر مودی کے بعد عام آدمی پارٹی (آپ) کے کنوینر اروند کیجری وال کے بارے میں تحریر کردہ چھ کتابوں میں سے دو تو آن لائن آوٹ آف اسٹاک ہوگئی ہیں۔
کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی اس میں کچھ پیچھے چل رہے ہیں۔ ان کے بارے میں لکھی گئی چار کتابیں بازار میں دستیاب ہیں۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی )کے وزیراعظم کے عہدے کے امیدوار نریندر مودی کی سوانح حیات سے لے کر ان کے سیاسی سفر ، ان کے نظریہ، کام اور تقریروں پر مبنی کتابیں پیپر بیک اور ہارڈکور کے ساتھ ای بْک بھی دستیاب ہیں۔