لکھنؤ۔ دینی تعلیمی کونسل ایک باوقار تعلیمی تنظیم ہے جو گزشتہ نصف سنچری سے مسلمان بچوں کی ابتدائی، دینی اور عصری تعلیم کی ترویج اور اس کے فروغ کیلئے سنجیدگی سے سرگرم عمل ہے۔ کونسل کی ضلع شاخیں انجمن تعلیمات دین کے نام سے قائم کی جاتی ہیں۔ لکھنؤ میں بھی دینی تعلیمی کونسل کے دستور العمل کے تحت انجمن تعلیمات دین کا دفتر مستعدی سے خدمات انجام دے رہاہے۔ گزشتہ روز دفتر میں نامعلوم افراد نے گھس کر مار پیٹ کی جس کی تفصیلات اخبارات میں شائع ہو چکی ہے۔ اطلاع ملنے کے بعد دینی تعلیمی کونسل کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر مسعود الحسن عثمانی اور سکریٹری مولانا خالد رشید فرنگی محلی نے جائے وقوع پر پہنچ کر حالات معلوم کئے اور کہا کہ اس واقعہ کی صحیح تفتیش ضروری ہے۔ اس سلسلہ میں تعلیمی کونسل کے ذمہ داران کا ایک جلسہ ندوہ میں مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ جلسہ میں نائب صدرمولانا سعید الرحمان اعظمی ندوی ، سکریٹری مولانا خالد رشید فرنگی محلی، بنیادی رکن اور قانونی مشیر ظفریاب جیلانی ایڈوکیٹ جنرل ، سکریٹری ڈاکٹر مسعود الحسن عثمانی، انجمن تعلیمات دین لکھنؤ کے صدر مولانا محمد رفیق قاسمی اور جنرل سکریٹری ڈاکٹر جنید اسلم قریشی موجود تھے۔ مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی نے کہا کہ دینی اور علمی کاموں کیلئے یکسوئی کی ضرورت ہوتی ہے۔ دینی تعلیمی کونسل اور اس کی ضلعی شاخیں خاموشی سے مفید اور قابل قدر خدمات انجام دے رہی ہیں۔ انجمن تعلیم دین لکھنؤ کے دفتر میں جو واقعہ پیش آیا وہ افسوس ناک بھی ہے اور باعث تشویش بھی ہے۔ جلسہ میں عام تاثر یہ تھا کہ اس واقعہ کی جانچ ہونی چاہئے تاکہ آئندہ اس طرح کا واقعہ پیش نہ آسکے۔