لکھنؤ: دلکشا اور ملہور ریلوے ٹریک پر بہار سمپرک کرانتی ایکسپریس کا انجن فیل ہو گیاجبکہ سلطانپور کے نزدیک سرکونی میں ریل فیکچر ہو گیااسی طرح رام چورا میں پوائنٹ فیل ہو گیا جس کی وجہ سے ہیمگری ایکسپریس، بیگم پورہ اور سدبھاؤنا ایکسپریس سمیت تقریباً ایک درجن ریل گاڑیوں کی آمدو رفت متاثر ہوئی۔ نئی دہلی سے دربھنگا جانے والی بہار سمپرک کرانتی ایکسپریس جب دلکشا- ملہور ریلوے ٹریک سے گزر رہی تھی تو انجن میں تکنیکی خرابی آگئی جس کے بعد پتہ چلا کہ گاڑی کا انجن فیل ہو گیا ہے۔ کافی مشقت کے بعد بھی خرابی نہیں دور ہو سکی جس کی اطلاع کنٹرول روم کو دی گئی۔ اطلاع کے بعد لکھنؤ یارڈ سے دوسرا انجن بھیج کر سمپرک کرانتی کو روانہ کیا گیا۔ تکنیکی خرابی کی وجہ سے ریلوے ٹریفک ڈیڑھ گھنٹے تک متاثر رہا۔ دوسری طرف سلطانپور کے نزدیک سرکونی میں ریل فیکچر ہو گیا۔ اطلاع کے بعد گینگ مین کی ٹکڑی نے موقع پر پہنچ کر بلاک لگاکر کافی مشقت کے بعد ٹریک کی مرمت کی۔ اس کی وجہ سے کافی گاڑیاں متاثر ہوئیں ۔اسی طرح رام چورا میں جوائنٹ فیل ہو جانے سے نوچندی ایکسپریس اور الہ آباد- لکھنؤ انٹر سٹی متاثر ہوئی۔