لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ چنہٹ کے گوئل انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ کے انجینئرنگ کے ایک طالب علم نے آج صبح ہاسٹل میں پھانسی لگا لی۔
سی او گومتی نگر ستیہ سین یادو نے بتایا کہ کانپور شہر کے رہنے والے رمیش سنگھ کا بیٹا ۲۲ سالہ بھوپیندر کمار فیض آباد روڈ واقع گوئل انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ میں سول انجینئرنگ میں سال اول کا طالب علم تھا۔ بھوپیندر کالج کیمپس میں ہی ہاسٹل کے ایک کمرے میں ایک طالب علم کے ساتھ رہتا تھا۔ بھوپیندر کا روم پارٹنر پچیس دن سے اپنے گھر گیا ہوا تھا۔ کمرے میں بھوپیندر تنہا ہی تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ ج
معہ کی صبح وارڈن بھوپیندر کے کمرے میں پہنچے تو دیکھا کہ بھوپیندر کی لاش کمرے میں چادر کے سہارے لٹک رہی تھی۔ اطلاع ملنے پر پہنچی چنہٹ پولیس نے لاش کو قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔ انسپکٹر چنہٹ نے بتایا کہ بھوپیندر کے امتحان کا نتیجہ کچھ دن قبل آیا تھا۔ ۲۷؍ستمبر کو بھوپیندر کو اپنا نتیجہ پتہ چلا تھا اور وہ چار مضامین میں فیل تھا۔ اس کے بعد سے وہ ڈپریشن میں رہنے لگا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اسی وجہ سے اس نے خود کشی کی ہے۔