لکھنؤ(نامہ نگار)ناکہ واقع ہوٹل گولڈ پیلیس میں ٹھہرے کانپور کے رہنے والے ایک انجینئر نے پھانسی لگاکر اپنی جان دے دی۔ انجینئر کی کچھ وقت قبل ملازمت چلی گئی تھی۔ اس سے وہ ذہنی طور سے پریشان ہو رہا تھا۔ انسپکٹر ناکہ وجے پرکاش نے بتایا کہ کانپور سٹی کے نرالہ نگر کے رہنے والے ۲۸سالہ پیوش دویدی نے الٰہ آباد سے بی ٹیک کی تعلیم مکمل کی تھی۔ انجینئرنگ کی پڑھائی کے بعد وہ ممبئی کے پنے ضلع میں ایک پرائیویٹ کمپنی میں بطور انجینئر تعینات تھا۔ کچھ وقت قبل پیوش کی ملازمت چلی گئی تھی ملازمت چھٹنے کے بعد سے وہ کانپور میں اپنے گھر پر تھا۔ کنبہ والوں نے بتایا کہ گذشتہ ۲۵نومبر کو وہ گھر سے ممبئی جانے کی بات کہہ کر نکلا تھا۔ پیوش ممبئی نہ جا کر ناکہ کے لوک مانیہ گنج واقع ہوٹل گولڈ پیلیس کے کمرا نمبر جی-۲ میں ٹھہرا تھا۔ اتوار کی صبح ہوٹل کے ملازمین کو اس کے کمرے سے بدبو کا احساس ہوا ملازمین نے اس بات کی اطلاع ہوٹل کے منیجر اروند کو دی۔ ہوٹل منیجر کی اطلاع ملتے ہی موقع پر ناکہ پولیس بھی پہنچ گئی۔ پولیس نے ہوٹل کے لوگوں کی مدد سے کمرے کا دروازہ کھولا۔ کمرے کے اندر پیوش کی لاش پنکھے میں چادر کے سہارے لٹک رہی تھی۔ تفتیش کے بعد پولیس نے پیوش کی لاش کو پوسٹ مارتم کیلئے بھیج دیا۔ پولیس نے پیوش کے کنبہ کو اس کی خودکشی کی اطلاع بھی دے دی ہے۔ پولیس کا ماننا ہے کہ ملازمت چھٹنے کی وجہ سے پریشان ہو کر اس نے خودکشی کی ہے۔