کانپور۔گزشتہ ۸ برسوں سے منعقد کی جانے والیا ماہانہ درس حدیث و سوال و جواب کی محفل کا پروگرام عرشی انٹر کالج ، محمد علی پارک چمن گنج میں منعقد ہوا۔ محفل کا آغاز تلاوت کلام پاک سے حفاظ مبین قادری نے کیا جس کے بعد شاہ شاہ رخ وارثی نے نعت شریف اور امام حسین کی شان میں منقبت پیش کی۔ اپنی روایت کے مطابق جلسہ میں مفتی محمد انفاس الحسن چشتی نے بخاری شریف کا درس دیا اور قرآن و حدیث کی روشنی میں آیات کی تلاوت کر کے ترجمہ کیا۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ خواتین کا مائک کے ذریعہ میلاد پڑھنا منع ہے اور شریعت نے اس کی اجازت نہیں دی ہے۔ انہوں نے شہدائے کربلا کا ذکر کرتے ہوئے ان کے مقام کو بتایا کہ جو شہید اللہ کی راہ میں قربان ہوتا ہے وہ اللہ کی زیارت کرتا ہے اور علماء کرام جو بھی تحریر کرتے ہیں ان کے قلم سے نکلنے والی سیاہی کو شہیدوں کے خون سے قیامت کے دن تولا جائے گا۔ انہوں نے حضرت امام حسین کی شہادت کو قوم کیلئے درست بتاتے ہوئے کہا کہ حضرت امام حسین نے قوم کے لوگوں کو دین کیلئے اور نبی کی شریعت کیلئے شہید ہونے کا پیغام دیا اور یہ ثابت کر دیا کہ اللہ کے دین اور نبی کی شریعت سے بڑھ کر کچھ نہیں ہے۔ خطبہ کے بعد ایک گھنٹہ سوال و جواب کا سلسلہ جاری رہا۔ جلسہ میں موجود لوگوں نے سوال پوچھے جن کا جواب قرآن و حدیث کی روشنی میں مفتی انفاس الحسن چشتی نے دیا۔ سوال و جواب کی محفل کے بعد حضرت امام حسین و شہدائے کربلا کی نذر دلائی گئی اور شرکاء میں تبرک تقسیم کیا گیا۔ دعا کے بعد پروگرام اختتام پذیر ہوا۔آئندہ پروگرام پانچ دسمبر کو اسی جگہ پر منعقد ہوگا ۔