لکھنؤ(نامہ نگار)موہن لال گنج علاقہ میں انل سنگھ کے قتل معاملہ میں پولیس نے گاؤں کے ہی رہنے والے دو حقیقی بھائیوں کو گرفتار کیا ہے۔ وہیں قتل کی سازش کے الزام میں پولیس نے انل کی بیوی کو بھی گرفتار کیا ہے۔ ایس پی دیہات سومتر یادو نے بتایا کہ انل سنگھ کے قتل معاملہ میں شروع سے ہی اس کے کنبہ کے لوگوں نے انل کی بیوی بینا پر قتل کا شبہ ظاہر کیا تھا۔ پولیس نے جب بینا سے پوچھ گچھ کی تو اس نے خود کو بے قصور بتایا۔ اس کے بعد بینا کے موبائل فون کی جانچ میں گاؤں کے ہی سنیل کے نمبر کا پتہ چلا۔ تفتیش کی گئی تو پولیس کو پتہ چلا کہ سنیل انل سنگھ کو چچا اور بینا کو چچی کہتا تھا اور انل کے گھر میں اس کی آمدورفت بھی تھی۔ اس کے بعد پولیس نے سنیل کو حراست میں لیا اور پوچھ گچھ کی تو سنیل نے بتایا کہ بینا سے اس کے ناجائز تعلقات تھے وہ اور بینا کسان کی تین بیگھا زمین پر بھی قبضہ کرنا چاہتے تھے۔ اسی وجہ سے ان لوگوں نے انل سنگھ کے قتل کی سازش تیار کی۔ گذشتہ ۳۰مارچ کی رات سنیل اپنے بھائی سنجے کے ساتھ دیر رات انل کے گھر میں داخل ہوا اور گلا دبا کر ا س کا قتل کر دیا۔ سنیل کے اس انکشاف کے بعد پولیس نے اس کے بھائی سنجے اور انل کی بیوی بینا کو گرفتار کر لیا۔