کولکاتا۔ورلڈ کپ سے ہندوستان کے باہر ہونے کیلئے وراٹ کوہلی کی محبوبہ انوشکا شرما کو مجرم ٹھہرانے والوں کو سخت جواب دیتے ہوئے آج ہندوستان کے اس ٹیسٹ کپتان نے کہا کہ ایسے لوگوں کو خود پر شرم آنی چاہئے کیونکہ گزشتہ پانچ سال میں ان سے زیادہ میچ کسی نے نہیں جتائے ہیں۔کوہلی نے عالمی کپ کے سیمی فائنل سے ٹیم کے باہر ہونے کے بعد پہلی بار خاموشی توڑی ہے۔ ورلڈ کپ سے ہندوستان کے باہر ہونے کے بعد انوشکا کی سوشل نیٹ ورکنگ سائٹوں پر کافی تنقید ہوئی تھی۔انہوں نے آئی پی ایل کی رائل چیلنجرز بنگلور کی ٹیم کے ایک پروموشن پروگرام کے دوران کہا انسانی سطح پر پوچھیں تو میں دلبرداشتہ تھا۔ جن لوگوں نے یہ سب باتیں کہیں ہیں، انہیں خود پر شرم آنی چاہئے۔انہوں نے کہا ذاتی طور پر
میں کافی مایوس تھا۔ گزشتہ پانچ سال میں میں نے ہندوستان کیلئے کتنے میچ جیتے ہیں اور دوسروں کے مقابلے میں مسلسل اچھا کھیلا ہوں۔ مجھے نہیں لگتا کہ ٹیم میں کوئی اور ایسا ہوگا جس نے مجھ سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا جائے گا۔کوہلی کا خیال ہے کہ اب اسے پتہ چل گیا ہے کہ کس پر بھروسہ کرنا ہے۔کوہلی نے کہا صرف ایک میچ کے بعد اس طرح کے رد عمل مایوس کن تھے۔ اس سے بہت سے لوگوں پر سے آپ کابھروسہ اٹھ جاتا ہے۔ ایک طرح سے یہ اچھا ہی ہے۔ آپ کو پتہ چلتا ہے کہ کون آپ کے ساتھ ہے اور کون نہیں۔ یہ میرے ہاتھ میں نہیں تھا لیکن ردعمل کافی مایوس کن تھا۔میڈیا کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کوہلی نے کہا کہ خراب فارم کے دوران میڈیا کے معیار مختلف کھلاڑیوں کیلئے الگ ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا یہ مضحکہ خیز ہے کہ مجھے پتہ ہی نہیں چلتا کہ کب میرا خراب فارم آیا لیکن آپ فیصلہ سنا دیتے ہیں۔ میرے معاملے میں تو اگر میں دو میچ میں اچھا نہیں کھیلوں تو یہ خراب فارم ہے اور اگر کوئی کھلاڑی 10 میں سے دو میچوں میں اچھا کھیلتا ہے تو کہتے ہیں کہ وہ فارم میں واپس آیاگیا ہے۔انہوں نے کہا میں اس پر توجہ بھی نہیں دیتا۔ میچ کے دن اچھا انجام اہم ہوتا ہے، بس۔