لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ گڑمبا علاقہ میں رہنے والی ایک انٹر کی طالبہ نے آج صبح اپنے گھر میں پھانسی لگاکر خود کشی کر لی۔ طالبہ نے خود کشی کیوں کی فی الحال اس بات کا پتہ نہیں چل سکا ہے۔
انسپکٹر گڑمبا رشی کیش یادو نے بتایا کہ گڑمبا کے بہٹا گاؤں کے رہنے والے راج کشور راوت اپنے کنبہ کے ساتھ رہتے ہیں۔ راج کشور بارہ بنکی واقع ایک پلاسٹک فیکٹری میں کام کرتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ آج صبح تقریباً ۹ بجے راج کشور کی بیٹی سولہ سالہ ارمیلا نے اپنے کمرے کے لگے کنڈے میں دوپٹے کے سہارے لٹک کراپنی جان دے دی۔ کنبہ والوں کی نظر جب ارمیلا کی لاش پر پڑی تو ان لوگوں نے اس کونیچے اتارا لیکن تب تک ارمیلا کی موت ہو چکی تھی۔ اطلاع پاکر موقع پر پہنچی گڑمبا پولیس نے تفتیش کرکے ارمیلا کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔ ارمیلا نے خود کشی کیوں کی فی الحال اس بات کا پتہ نہیں چل سکا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس سلسلہ میں تفتیش کی جا رہی ہے۔