دھند کی وجہ سے ابتدا میں ایک بس اپنے آگے جانے والی کار سے ٹکرائی
جنوبی کوریا کے شہر انچن میں قریباً ایک سو گاڑیوں کے تصادم میں کم از کم دو افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔
ین ہیپ نیوز ایجنسی کے مطابق یہ تصادم بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب واقع ایک پل پر ہوا۔
ایجنسی کا کہنا ہے کہ اس حادثے میں 42 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے آٹھ کی حالت تشویش ناک ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھند کی وجہ سے ابتدا میں ایک بس اپنے آگے جانے والی کار سے ٹکرائی۔ جس کے بعد پیچھے سے آنے والی گاڑیاں یکے بعد دیگرے ایک دوسرے سے ٹکراتی چلی گئیں۔
امدادی کارکن حادثے کے کافی دیر بعد بھی تمام متاثرہ گاڑیوں تک نہیں پہنچ سکے تھے
جس پل پر حادثہ ہوا وہ انچن اور دارالحکومت سیئول کو یونگ جنگ نامی جزیرے پر واقع ہوائی اڈے سے ملاتا ہے۔
حادثے کے بعد سیئول کی جانب جانے والا راستہ اور دوسری طرف کی سڑک کی کئی لینز بند کر دی گئیں۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ امدادی کارکن حادثے کے کافی دیر بعد بھی تمام متاثرہ گاڑیوں تک نہیں پہنچ سکے تھے۔
ان کے مطابق حادثہ دھند کی وجہ سے ہوا اور اسی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں بھی مشکلات درپیش ہیں۔