جکارتا: انڈونیشیا میں دو روز قبل تباہ ہونے والے طیارے کے اڑتیس مسافروں کی لاشیں مل گئیں۔ دیگر کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ انڈونیشیا کا ایک طیارہ اتوار کو ملک کے دور دراز مشرقی پہاڑی علاقے پاپوا میں خراب موسم کے باعث حادثے کا شکار ہو گیا تھا۔ طیارے میں عملے کے پانچ ارکان سمیت 54 مسافر سوار تھے۔
جبکہ طیارے میں چار کروڑ ستر لاکھ امدادی رقم بھی موجود تھی جسے غریب افراد میں تقسیم کیا جانا تھا۔ انڈونیشن حکام کے مطابق ریسکیو ٹیموں نے حادثے کے مقام پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں اور اب تک 38 افراد کی لاشیں مل گئی ہیں جن میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔ ریسکیو اہلکاروں کے مطابق طیارہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا ہے اورکسی شخص کے بچ جانے کے امکانات بہت کم ہیں۔