انڈین کرکٹر جسپريت بمراه نے ٹریفک کی بیداری کے لیے ایک اشتہار میں اپنی نو بال والی تصویر کے استعمال پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’اس سے پتہ چلتا ہے کہ ملک کے لیے سب کچھ دینے کے بعد بھی آپ کو کتنی عزت ملتی ہے‘۔
جے پور کی ٹریفک پولیس نے اس اشتہار کے حوالے سے وضاحت پیش کی ہے اور کہا ہے کہ اس کا مقصد کسی کو ٹھیس پہنچانا نہیں ہے۔
یاد رہے کہ چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل مقابلے میں جسپريت بمراه نے ابتدا میں ہی پاکستانی بلے باز فخر زمان کی وکٹ لی تھی، لیکن وہ گیند نو بال قرار دی گئی۔
اس کے بعد فخر زمان جم کر کھیلے اور اپنی پہلی سنچری مکمل کی۔ اسی کی بدولت پاکستان نے انڈيا کو 339 رنز کا ہدف دیا تھا۔ بڑے ہدف کے دباؤ میں انڈین ٹیم 158 رنز پر آؤٹ ہو کر بری طرح سے شکست سے دوچار ہوئی۔
میچ کے بعد بہت سے لوگوں نے بمراه کی ‘نو بال’ کو ہی میچ کا ‘فیصلہ کن’ موقع قرار دیا۔
ریاست راجستھان کے دارالحکومت جے پور میں ٹریفک پولیس نے بمراه کی اسی نو بال والی تصویر سے ایک اشتہار بنوایا ہے۔ ٹریفک پولیس نے اس تصویر کو شہر کے کئی مقامات پر لگوایا ہے جس میں بمراه کا پاؤں لائن کے باہر جاتا دکھائی دے رہا ہے اور دوسری طرف زیبرا کراسنگ سے پیچھے کھڑی گاڑیوں کی تصویر ہے۔
اس تصویر کے ساتھ ہی لکھا ہے: ‘لائن کراس نہ کریں۔ آپ جانتے ہیں کہ یہ بہت مہنگا پڑ سکتا ہے۔’
جے پور کی پولیس کا کہنا ہے کہ اس اشتہار کا مقصد یہ ہے کہ لوگوں کو ٹریفک چوراہوں پر اپنی کاریں زیبرا کراسنگ سے پیچھے کھڑی کرنے کے لیے بیدار کیا جائے۔
اس اشتہار کے نیچے یہ بھی لکھا تھا کہ ‘یہ معلومات صرف ٹریفک اصولوں کی بیداری کے لیے ہے۔
لیکن جسپريت بمراه کو یہ اشتہار پسند نہیں آیا۔ انھوں نے اس پر اپنی ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے ٹویٹ کیا: ‘واہ جے پور کی ٹریفک پولیس۔ یہ ظاہر کرتا ہے کہ ملک کے لیے اپنا سب کچھ دینے کے بعد بھی آپ کو کتنی عزت ملتی ہے۔‘
ایک اور ٹویٹ میں انھوں نے لکھا: ‘لیکن فکر نہ کریں، میں کام کے دوران کی جانے والی غلطیوں کے لیے آپ کا مذاق نہیں اڑاؤں گا کیونکہ میں مانتا ہوں کہ انسانوں سے غلطی ہو سکتی ہے۔’
ان کے اس ٹویٹ کے بعد جے پور کی ٹریفک پولیس نے اس پر وضاحت پیش کی۔
پولیس نے اپنے محمکے کے ٹویٹر ہینڈل پر لکھا: ‘عزیزی جسپريت بمراه، ہمارا مقصد آپ کی یا کرکٹ کے شائیقین کے جذبات کو ٹھیس پہنچانا نہیں تھا۔ ہم صرف ٹریفک قوانین کے بارے میں بیداری پھیلانا چاہتے تھے۔ آپ ایک یوتھ آئیکان ہیں اور ہم سب کے لیے انسپریشن ہیں۔’
اس کے بعد ٹویٹر پر اس معاملے پر لوگوں کی رائے منقسم نظر آئی۔ بعض نے لکھا کہ اشتہارات حقیقتاً جسپريت بمراه کا مذاق اڑانے جیسا لگتا ہے۔ بعض نے لکھا کہ یہ ہلکے انداز میں پیش کیا گیا ایک تخلیقی اشتہار تھا جس پر انھیں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں تھی۔
مہامایا چٹرجی نے بمراه کا ذکر کرتے ہوئے لکھا ‘فکر نہ کریں سر، چاہے کچھ ہو جائے، ہم ہمیشہ آپ کے ساتھ ہیں۔ وہ صرف ایک برا دن تھا۔ میں آپ کا فین تھا، ہوں اور ہمیشہ رہوں گا۔ اور جو لوگ مذاق اڑا رہے ہیں وہ کرکٹ کے بارے میں کچھ نہیں جانتے۔ انہیں نظر انداز کردیجیے۔ آپ کے سچے پرستار ہمیشہ آپ کے ساتھ ہیں۔’
جے پور کی ٹریفک پولیس نے اپنے بیان میں اس اشتہار پر افسوس کا اظہار نہیں کیا ہے۔ پھر بھی کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ پولیس بیک فٹ پر ہے۔ اپنی صفائی میں انھوں نے بس اتنا کہا ہے کہ ان کا مقصد کسی کی توہین کرنا نہیں تھا۔