نئی دہلی (وارتا) انڈین آئل کارپوریشن لمیٹیڈ(آئی او سی) نے گروپ آف ڈائریکٹر سے چار آزاد ڈائریکٹروں کو ہٹا دیاہے۔ مرکز میں نریندر مودی کی حکومت کے برسراقتدار آنے کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ جب کسی عوامی زمرے کی کمپنی سے آزاد ڈائریکٹروں کو ہٹا یاگیا ہے۔ ان ڈائریکٹروں کی تقرری اسی سال مارچ میں یو پی اے کی حکومت کے ذریعہ تین سال کی مدت کے لئے کی گئی تھی۔
ان تقرریوں کے سلسلے میں کمپنی کے شیئرہولڈروں کی منظوری لی جانی باقی تھی۔ لیکن ۲۷؍ اگست کو ممبئی میں کمپنی کے سالانہ اجلاس کے موقع پر منظوری سے متعلق کوئی تجویز پیش نہیں کی گئی۔ جس کے سبب مذکورہ تقرری خودہی غیر موثر ہوگئیں۔ انڈین آئل نے شیئر بازاروں کو اس سلسلے میں اطلاع دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ چاروں آزاد ڈائریکٹروں کو۲۷؍اگست سے ہٹا دیا گیا ہے۔ ہٹائے گئے ڈائریکٹروں میں مرکز میں سابق سکریٹری سائن چٹرجی،انڈین انسٹی ٹیوٹ آف کمپنی سکریٹری (آئی سی ایس آئی) کے سابق صدر نثار احمد، کرناٹک کے سابق ایڈیشنل چیف سکریٹری کے جے راج اور قومی حقوق انسانی کمیشن (ایچ ایچ آر سی)کے سابق ڈائریکٹر سنیل کرشنا کے نام شامل ہیں۔