واشنگٹن: امریکہ کے صدر بارک اوبامہ نے کہا کہ ریپبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نہ صرف امریکہ بلکہ پوری دنیا کے لئے خطرہ ہیں۔ مسٹر اوبامہ نے افریقی امریکی اکثریت والے نارتھ کیرولینا کے لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر انہیں صدر کے عہدے کے لئے انتخاب کیا گیا تو گزشتہ آٹھ برسوں کی تمام تر امریکی پیش رفت الٹ کر رہ جائے گی۔ انہوں نے اپنے حامیوں کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے کہا کہ” شمالی کیرولینا ہی اہم جنگ کا میدان ہے اور آپ پر ہی جمہوریت کی قسمت کا فیصلہ منحصر ہے .
مجھے یقین ہے کہ یہاں سے اس فیصلے کو صحیح سمت ملے گی۔ اس سے پہلے مسٹر اوبامہ نے مسز کلنٹن کے ای میل کی نئے سرے سے جانچ کے معاملے میں وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف بی آئی) پر بالواسطہ طور پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تفتیش کاروں کو مکمل معلومات کی بنیاد پر ہی چھان بین کرنی چاہیئے ۔ مسٹر اوبامہ نے کہا کہ” میں نے جان بوجھ کر ایسی کوشش کی کہ میں ایسا کچھ نہ کروں جس سے یہ لگے کہ میں اس معاملے میں مداخلت کر رہا ہوں۔
میرا خیال ہے کہ ایک رسم ہے کہ تفتیش کاروں آدھی ادھوری معلومات پر تفتیش نہیں کرتے ہیں. ہم ٹھوس اطلاعات پرہی ٹھوس فیصلے کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ ایف بی آئی کے ڈائریکٹر جیمز کوم¸ نے حال ہی میں کہا ہے کہ وہ نئے ای میل کی تحقیقات کر رہے ہیں جو مسز کلنٹن کے وزیر خارجہ رہتے پرائیویٹ سرور کے استعمال سے متعلق ہو سکتے ہیں۔ اس کے بعد سے ہی مسٹر ٹرمپ نے مسز کلنٹن کے خلاف حملے تیز کر دیے ۔ دوسری طرف ڈیموکریٹک پارٹی نے مسز ہلیری کے ای میل کی جانچ پڑتال کی کارروائی کی غیر مناسب تشہیر کرنے کے لئے ایف بی آئی پر تنقید کرتے ہوئے مسٹر ٹرمپ کے روس کے ساتھ تعلقات کو عام کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔