واشنگٹن:امریکہ کے صدر بارک اوباما نے اپنی آخری پریس کانفرنس میں نومنتخب صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ روس پر عائد پابندیوں کو اس وقت تک نہ ہٹائیں جب تک کہ روس اپنی غلطیوں کی اصلاح نہ کرلے ۔
وائٹ ہاؤس میں آٹھ سال گزارنے کے بعد صدر کی حیثیت سے مسٹر اوباما کو جمعہ کو الوداع کہنا ہے اور اس سے پہلے وہ یہاں آخری بار صحافیوں سے خطاب کر رہے تھے ۔ مسٹر اوباما نے کہا کہ روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے روس اور امریکہ کے درمیان تلخی پیدا کرنے کا کام کیا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان عداوت پر مبنی رشتہ قائم کیا ہے ۔ انہوں نے بہت سی خفیہ معلومات کو لیک کرنے والی فوجی چیلسي میننگ کی جیل کی سزا کو کم کرنے کے اپنے فیصلے کا بھی دفاع کیا۔ چیلسي وکی لیکس ویب سائٹ کو حکومت کی انٹیلی جنس دستاویزات مہیا کرانے کے الزام میں 35 سال کی سزا کاٹ رہی تھیں۔ چیلسي پر جاسوسی ایکٹ کی خلاف ورزی اور دیگر جرائم کا الزام تھا۔ سال 2013 میں ان کا کورٹ مارشل کر دیا گیا تھا۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق چیلسي کو اب مئی میں رہا کر دیا جائے گا جبکہ پہلے انھیں 2045 میں رہا کیا جانا تھا۔ مسٹر اوباما نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ بنیادی اقدار کے تحفظ کے لئے اپنی آواز اٹھاتے رہیں گے ۔ نو منتخب صدر ٹرمپ کو جمعہ کو صدر کے عہدے کا حلف دلایا جائے گا۔