نئی دہلی: ہندوستان کے وزیراعظم نریندرا مودی کی جانب سے اجمیر میں صوفی بزرگ حضرت خواجہ معین الدین چشتیؒ کے عرس کے موقع پر ان کے مزار پر چادر چڑھائی جائے گی۔
واضح رہے کہ خواجہ معین الدین چشتیؒ کا عرس گزشتہ آٹھ سو تین برس سے ہر سال منایا جارہا ہے۔یونین منسٹر مختار عباس نقوی وزیراعظم مودی کی جانب سے یہ چادر پیش کریں گے۔
اس سال خواجہ غریب نوازؒ کا یہ عرس اتوار کو شروع ہورہا ہے۔
یاد رہے کہ پچھلے ہفتہ کو امریکی صدر باراک اوباما کی جانب سے بھی خواجہ معین الدین چشتی کے مزار پر پر چادر چڑھائی گئی تھی۔ اوباما کی جانب سے یہ چادر امریکی سفیر رچرڈ ورما نے درگاہ کمیٹی کے سپرد کی تھی۔
گزشتہ ماہ وزیر اعظم مودی سے ملنے والے ایک مسلم وفد کے حوالے سے ایک تنازعہ پیدا ہوگیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق اجمیر کی درگاہ کے سجادہ نشین زین العابدین علی خان نے دعویٰ کیا تھا کہ پی ایم او کے بیان میں جس وفد کا ذکر ہے، اس میں وہ شامل نہیں تھے۔
زین العابدین کا کہنا تھا کہ وہ خواجہ غریب نواز کے حقیقی سجادہ نشین ہیں۔ مزار شریف کی انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’وزیراعظم نریندرا مودی سے خواجہ غریب نوازؒ کے مزار کا سجادہ نشین بن کر جس شخص نے ملاقات کی تھی، وہ سجادہ نشین نہیں ہے، اور اجمیر کی درگاہ کے حقیقی سجادہ نشین زین العابدین علی خان اس دن اجمیر شریف میں ہی موجود تھے۔