آگرہ،21جنوری(یو این آئی)امریکی صدر براک اوبامہ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ 27جنوری کو اپنے ہندوستان دورے کے دوران ایک گھنٹے کے لئے تاج سیٹی جائیں گے جہاں وہ عالمی شہرت یافتہ تاج محل کا دیدار کریں گے ۔سرکاری ذرائع نے اس بابت آج یہاں بتایا کہ مسٹر اوبامہ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ 27جنوری کو دوپہر 02بجے آگرہ واقع تاج محل کے دیدار کو آئیںگے جہاں وہ ایک گھنٹہ قیام کریں گے ۔
پولس ذرائع نے بتایا کہ امریکی سیکورٹی ایجنسی کے ذریعہ ملے مکتوب میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر بذریعہ طیارہ آگرہ کے خیریہ ایئر پورٹ پر اتریں گے جہاں سے وہ اپنی کار سے تاج محل تک آئیں گے ۔مسٹر اوبامہ ایک گھنٹے تک یہاں رہیں گے ۔اس دوران وہ نہ تو کسی ہوٹل یا کسی گاؤں میں ٹھہریںگے ۔سینئر پولس افسر نے بتایا کہ اگر اس دن موسم ابر آلود رہے گا تو وہ بذریعہ کار یمناایکسپریس وے کے راستے تاج محل دیکھنے آئیں گے ۔انہوں نے بتایاکہ اپنے دورے کے دوران وہ کسی گاؤں یا ہوٹل میں نہیں رکیں گے ۔انسپکٹر جنرل آف پولس(آگرہ زون) سنیل گپتا نے کہا کہ مسٹر اوبامہ کے دورے کے پیش نظر تھری ٹائر سیکورٹی کا انتظام کیا گیا ہے ۔ اس دوران تاج محل و اس کے ارد گرد کے علاقے میں 100اے ٹی ایس جوانوں کو تعینات کیا جائے گا۔اس دوران اسپیشل سیکورٹی فورس کا دستہ بھی ان کی حفاظت میں لگایا جائے گا۔