نئی دہلی: بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی سربراہ مایاوتی نے ایک مغل بادشاہ کے نام پر یہاں واقع ‘اورنگ زیب روڈ’ کا نام بدل کر سابق صدر اے پی جے عبدالکلام روڈکرنے کو نامناسب قرار دیتے ہوئے آج حکومت سے اس فیصلے کو واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔
بی ایس پی کی سربراہ نے یہاں جاری ایک بیان میں حکومت کے اس فیصلے کو تنگ ذہنیت والاقرار دیا اور کہا کہ حکومت کو یہ فیصلہ واپس لینا چاہئے ۔ انہوں نے کہاکہ ‘نئی دہلی کی ‘اورنگ زیب روڈ’ کا نام بدل کر اے پی جے عبدالکلام کے نام پرکرنا بالکل غلط اور نامناسب ہے ۔بی ایس پی، حکومت سے یہ فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کرتی ہے ’۔انہوں نے کہاکہ اپوزیشن پارٹیاں خصوصاً کانگریس اور حکومت کے مابین سیاسی رسہ کشی بڑھ گئی ہے ۔
اس سے ملک میں ایک سیاسی بحران پیدا ہوگیا ہے جس سے ملک کی سوا ارب آبادی کے مفادات کو نقصان پہنچ رہا ہے ۔بی ایس پی کی راجیہ سبھا کی رکن نے حکومت پر الزام لگایا کہ مودی حکومت بدعنوانی اور کالے دھن کے خلاف کارروائی کے سلسلے میں الیکشن سے پہلے بڑی بڑی باتیں کرتی تھی لیکن اقتدار میں آنے کے بعد اس حکو مت نے اس سمت کوئی قدم نہیں اٹھایا۔