لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو سے ان کی سرکاری رہائش گاہ پر ہمیر پور کے سابق رکن پارلیمنٹ گنگا چرن راجپوت نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ نے بندیل کھنڈ میں اولے اور شدید بارش سے کسانوں کی فصلوں کو نقصان پہنچنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ سماج وادی حکومت کسانوں کی ہے جس کی حفاظت ہر قیمت پر کی جائے گی۔ اسی کے ساتھ انہوں نے بندیل کھنڈ میں بیروزگاری کے سلسلہ میں کہا کہ وہاں کے نوجوانوں کو روزگار مہیا کرانے کیلئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بجلی کی پیداوار اور سپلائی میں بہتری کیلئے کوششیں کی جا رہی ہیں جس کی وجہ سے پہلے کے مقابلہ میں بجلی کی سپلائی میں بہتری آئی ہے۔ سابق رکن پارلیمنٹ گنگا چرن راجپوت نے وزیر اعلیٰ سے اولے اور بارش کے سبب کسانوں کی فصلوں کی تباہی پر بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ وہاں کے کسان پہلے سے ہی پریشان ہیں اور قرض ادا کرنے کی حالت میں نہیں ہیں۔ انہوں نے بندیل کھنڈ میں بجلی کی سپلائی کو بڑھاکر بیس گھنٹے کرنے کا مطالبہ کیا۔