لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ غازی پور کے اسماعیل گنج واقع آئس کریم کے گودام میں منگل کی شام اچانک آگ لگ گئی۔ جس مکان میں آئس کریم کا گودام تھا اسی مکان کے ایک حصہ میں کیٹرس کاسامان بھی رکھا تھا۔ آگ سے دونوں گودام زدمیں آگئے۔ آگ لگنے کے سبب تقریباً پانچ لاکھ روپئے کا نقصان ہوا۔ اطلاع پر پہنچی فائر بریگیڈ پولیس کی ایک گاڑی نے آگ پر قابو پا لیا۔ موصولہ خبر کے مطابق اسماعیل گنج کے رہنے والے رام کھلاون یادو کے گھر کے ایک حصہ میں وادی لال آئس کریم کا گودام ہے۔ گھر کے ہی دوسرے حصہ میںآکاش کیٹرس نام سے ایک دکان ہے۔اس میں کیٹرننگ کا سامان رکھا ہواہے۔ گھر کے پچھلے حصہ میں ہی رام کھلاون اپنے اہل خانہ کے ساتھ رہتے ہیں۔ منگل کی شام تقریباً پانچ بجے آئس کریم گودام میں اچانک شارٹ سرکٹ ہو گیا۔
اس سے پاس میں رکھے کوڑے کے ڈھیر میں آگ لگ گئی۔ دیکھے ہی دیکھتے آگ نے خطرناک شکل لے لی جس سے آئس کریم گودام اور کیٹرس کا سارا سامان جل کرخاک ہو گیا۔ آئس کریم گودام کے مالک نے بتایا کہ ان کا تقریباً ڈیڑھ لاکھ کا مال جل گیا جبکہ کیٹرس کے مالک راجو گپتا ساکن کلیان پور نے بتایا کہ ان کا تقریباً دو لاکھ کا سامان آگ کی نذر ہو گیا۔