نئیدہلی،8 جنوری(یو این آئی)وزیر اعظم منموہن سنگھ نے آج کہا ہیکہ آئندہ عام چناؤ کا چاہے جو بھی نتیجہ ہو، ہم دنیا کے سامنے ایک مرتبہ پھر اپنی جمہوریت اور اپنے اداروں کی قوت کا مظاہرہ کریں گے۔
غیرمقیم ہندوستانیوں کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹرسنگھ نے کہا کہ ہندوستان کے باہر کچھ حلقوں میں یہ خیال پنپ رہا ہے کہ ہندوستان پچھلی دہائی کی اپنی ترقی کو کھورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی موسم میں سیاسی دعوؤں کی وجہ سے اس طرح کی آواز کا زور ہونا لازمی ہے لیکن انہوں نیکہا کہ میں آپ کو بھروسہ دلانا چاہتا ہوں کہ ہمارے حال اور مستقبل کو لے کر مایوس ہونے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم بہتر زمانہ کی طرف بڑھ رہے ہیں اور آپ لوگوں سے میری درخواست ہے کہ آپ یقین اور امید کے ساتھ اس ملک کے مستقبل کے معاملہ پر مطمئن رہیں۔
ہندوستان کی تقدیر بنانے والے پانچ اہم اسباب کا شمار کرتے ہوئے ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ ہندوستان اندرونی طور پر بہت تیزی سے بدل رہا ہے اور بدلتی دنیا کے ساتھ تال میل کا چیلنج بھی ہمارے سامنے ہے۔انہوں نے کہا کہ اس ملک میں غیر معمولی تبدیلی آرہی ہے اور سب سے اچھی بات یہ ہے کہ نوجوانوں نے ملک کی سیاست میں سرگرم دلچسپی لینا شروع کردیا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ہندوستان کی شرح نمو 9 سال تک قریب ساڑھے آٹھ فیصد رہی لیکن حالیہ مندی کی وجہ سے یہ 5 فیصد تک گرگئی۔ اس کے باوجود ہندوستان کی معاشی بنیاد مضبوط ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہندوستان میں ہر شعبہ میں ترقی ہوئی ہے لیکن جو لوگ وسیع منظر کو نہیں دیکھ پاتے انہیں یہ تبدیلیاں نظر نہیں آرہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی معاشی حالت علاقائی سطح پر زیادہ متناسب ہوگئی ہے اور اس کی ترقی میں سب کی شمولیت ہے۔ غریبی کی سطح گھٹی ہے اور معاشی طور سے کمزور ریاستوں نے تیزی سے ترقی کی ہے۔ھلی شفاف جوابدہ اور صاف ستھری سرکار کو اپنی ترجیح بتاتے ہوئے کہ ڈاکٹرسنگھ نے کہا کہ ملک کے نظام کو پوری طرح تبدیل کردیا گیا ہے لیکن حکومت کو مضبوط کرنا ایک مسلسل عمل سے اور یہ نہیں کہا جاسکتا ہے جو کچھ ہوا وہ کافی ہے۔ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ ہندوستان بین اقوامی سطح پر بڑا رول ادا کرنے اور ذمہ داریاں قبول کرنے کو تیار ہے اور دنیا بھر میں رہ رہے قریب دو کروڑ 20 لاکھ ہندوستانی ہمارے سفیروں کی طرح ہیں جو معیشت کی خوشحالی میں بڑا رول ادا کررہے ہیں۔وزیراعظم نے غیر مقیم ہندوستانیوں کو ہندوستان کے تئیں اطمینان دلاتے ہوئے کہا کہ آنے والے وقت میں انہیں اس ملک میں ترقی کے ٹھوس ثبوت نظر آئیں گے۔