کانپور(نامہ نگار)کلیان پور تھانہ کے تحت آئی آئی ٹی میں بی ٹیک طالب علم نے ہاسٹل کے کمرے میں پھانسی لگا کر خودکشی کرلی۔ آج صبح طلباء نے اس واقعہ کی اطلاع ادارہ کی انتظامیہ کودی۔ موقع پر پہنچ کر پولیس نے رجسٹرار کی موجودگی میں لاش کو نیچے اتارااور پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا ۔ رجسٹرار کے مطابق طالب علم ذہنی تناؤ کا شکار تھااور اس کا علان کیا جارہاتھا۔ کرناٹک کے ایلو گاؤں کا باشندہ منجوناتھ نننکر (۲۱)کانپور واقع آئی آئی ٹی میں کمپیوٹر سائنس سے بی ٹیک کررہاتھا۔ بدھ کے روز اس کے دوستوں نے ہاسٹل کے ہال نمبر ۵کے ۱۰۳کمرے میں پھانسی پر لٹکی ہوئی لاش کو دیکھا اور فوری طور پر اس کی اطلاع ادارہ کے انتظامیہ کو دی۔ رجسٹرار ڈاکٹر سچان پولیس کو اطلاع دینے کے بعد
موقع پر پہنچے ۔ پولیس نے طالب علم کی لاش کو پھندے سے نیچے اتارا۔ اس واقعہ کے سلسلہ میں رجسٹرار نے بتایا کہ متوفی طالب ذہنی تناؤ کا شکارتھا۔ اور اس کا علاج کیا جارہاتھا۔ انہوں نے بتایا کہ طالب علم کی موت زیادہ دوائیوں کی وجہ سے ہوئی ہے۔ پھانسی لگاکر خودکشی کرنے کی بات بے بنیاد ہے۔ دوسر ی جانب ایس او آنند مشر انے بتایا کہ طالب علم نے پھانسی لگا کر خودکشی کی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا گیا ہے رپورٹ آنے کے بعد کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ متوفی طالب علم کے اہل خانہ کو اس واقعہ کی اطلاع دے دی گئی ہے۔