لکھنؤ:جہاد دہشت گردی کے خلاف ہوتا ہے سبھی مذاہب جوڑنے کا کام کرتے ہیں توڑنے کا نہیں۔ دہشت گرد تنظیم آئی ایس آئی ایس نے اگر ہندوستان میں کوئی خرافات کرنے کی کوشش کی تو ہم سب مل کر اس کا سخت مقابلہ کریں گے، ہمیں اپنے ملک سے سب سے زیادہ محبت ہے یہ بات آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے نائب صدر مولانا ڈاکٹر کلب صادق نے کہی۔ وہ جمعہ کو منعقد ایک پروگرام کو خطاب کر رہے تھے۔ ڈاکٹر صادق نے کہاکہ اسلام کے نام پر خون بہانے والے مسلمان نہیں بلکہ جانور سے بھی بدتر ہیں۔ انہوں نے مسلمانوں سے مسجد اور امام باڑوں کی جگہ اسکول و اسپتال قائم کرنے کی اپیل کی جس سے انسانیت کی خدمت ہو۔ ڈاکٹر صادق نے کہا کہ سچا مذہبی انسان وہ ہے جو دوسروں کو فائدہ پہنچائے۔اسلام کی نظر میں انسان کی جان سب سے اہم ہے۔ انہوں نے مادہ جنین قتل کی مذمت کرتے ہوئے اسے روکنے کی اپیل کی۔ انہوںنے کہاکہ مذہب بچوں کو بھی مارنے کی اجازت نہیں دیتا۔ پروگرام کو میئر ڈاکٹر دنیش شرما، ایس پی ٹریفک حبیب الحسن نے بھی خطاب کیا۔