دبئی۔ماضی میں سعید اجمل یہ موقف اختیار کرتے آئے ہیں کہ ایک ٹریفک حادثے کی وجہ سے ان کا بازو متاثر ہوا تھا جس کی وجہ سے آئی سی سی نے انھیں 15 ڈگری سے زیادہ کی چھوٹ دے رکھی ہے۔آئی سی سی نے مشکوک گیندبازی ایکشن کی پاداش میں پاکستانی آف اسپنر سعید اجمل پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اس فیصلے کا اطلاق فوری طور پر ہو گا۔آئی سی سی نے یہ قدم بائیو مکینک کے آزاد ماہرین کی رپورٹ کی روشنی میں اٹھایا ہے اور کہا ہے کہ آزاد ماہرین کی رپورٹ کے مطابق سعید اجمل کا گیندبازی ایکشن قوانین کے منافی ہے۔آئی سی سی کا یہ بھی کہنا ہے کہ بائیومکینک ماہرین کے مطابق سعید اجمل کی تمام گیندیں 15 ڈگری سے تجاوز کرتی ہیں جو کسی بھی بولر کے گیندبازی ایکشن کی قانونی حد ہے۔واضح رہے کہ پاکس
تان اور سری لنکا کے درمیان گالے میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران امپائروں نے سعید اجمل کی بعض گیندوں کے قوانین کے منافی ہونے کے بارے میں رپورٹ کی تھی جس کے بعد قواعد و ضوابط کے تحت انھیں 21 دن کے اندر اپنے گیندبازی ایکشن کی درستگی کے لیے آئی سی سی کی منظور شدہ کسی بھی بائیو مکنیک لیبارٹری سے رجوع کرنا تھا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے سعید اجمل کو ٹیسٹ سیریز کے اختتام پر برزبین بھیجا تھا جہاں 25 اگست کو نیشنل کرکٹ سینٹر میں ہیومن موومنٹ کے ماہرین نے ان کے گیندبازی ایکشن کا ٹیسٹ لیا تھا۔سعید اجمل اس ٹیسٹ کے بعد سری لنکا واپس پہنچے تھے جہاں وہ آخری ون ڈے کھیلے تھے۔دوبارہ کھیل سکیں گے آئی سی سی کی جانب سے معطلی کے بعد سعیداجمل کو اپنے گیندبازی ایکشن کی درستگی کے لیے دوبارہ آئی سی سی کے منظور شدہ ماہرین سے رجوع کرنا ہوگا جن کی رپورٹ تسلی بخش ہونے کے بعد ہی وہ انٹرنیشنل کرکٹ کھیل سکیں گے۔36 سالہ سعید اجمل دوسری مرتبہ مشکوک گیندبازی ایکشن کی زد میں آئے ہیں۔ اس سے قبل 2009 میں بھی ان کے گیندبازی ایکشن پر اعتراض ہوا تھا تاہم بعد میں وہ کلیئر ہوگئے تھے۔ماضی میں سعید اجمل یہ موقف اختیار کرتے آئے ہیں کہ ایک ٹریفک حادثے کی وجہ سے ان کا بازو متاثر ہوا تھا جس کی وجہ سے آئی سی سی نے انھیں 15 ڈگری سے زیادہ کی چھوٹ دے رکھی ہے۔سعید اجمل ٹیسٹ کرکٹ میں 178 ون ڈے میچوں میں 183 اور ٹی ٹوئنٹی میں 85 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔وہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں دنیا میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولر ہیں جبکہ اس وقت وہ آئی سی سی کی عالمی ون ڈے رینکنگ میں پہلے نمبر پر ہیں۔غور طلب بات یہ ہے کہ حالیہ دنوں میں آئی سی سی مشکوک گیندبازی ایکشن کے معاملے میں انتہائی سخت موقف کے ساتھ سامنے آئی ہے اور سعید اجمل کے علاوہ ویسٹ انڈیز کے شلنگفورڈ، زمبابوے کے پراسپر اتسیا، نیوزی لینڈ کے ولیمسن اور بنگلہ دیش کے سہاگ غازی کی گیندبازی ایکشن رپورٹ ہو چکے ہیں۔
غیر قانونی بولنگ ایکشن کیلئے سعید اجمل کی معطلی سے مایوس پاکستانی کرکٹ بورڈ نے آج کہا کہ وہ آئی سی سی کے فیصلے کے خلاف اپیل کرے گا۔ پی سی بی چیئرمین شہریارخان پابندی کی خبر پر فوری طور پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اجمل پر پابندی پاکستان کرکٹ کیلئے بڑا جھٹکا ہے اور ہم اس فیصلے کے خلاف اپیل کریں گے۔ پی سی بی کے بڑے افسر اور قومی ٹیم کے منیجر اور چیف سلیکٹر معین خان کے درمیان مستقبل کی حکمت عملی کیلئے قذافی اسٹیڈیم میں ہنگامی میٹنگ بلائی گئی۔ خان نے کہا کہ ہمیں اس کی تفصیلی معلومات نہیں ہے لیکن سعید کے پاس اپنے ایکشن پر کام کرنے اور جب وہ تیار ہو تو تازہ ٹیسٹ کرانے کا اختیار ہے۔ انہوں نے کہا ہم یہ جانتے ہیں کہ آئی سی سی نے حال میں گیند بازوں کے ایکشن کی جانچ کیلئے اپنے پروٹوکول میں تبدیلی کی ہے اور دیگر گیند بازوں کو بھی بلایا گیا ہے۔ ہم دو ہفتے کے وقت میں اپیل کریں گے۔ پاکستان کے سابق کپتان راشد لطیف نے کہا کہ وہ اجمل پر پابندی کی توقع کر رہے تھے، جن کی ساری گیند غیر قانونی پائی گئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ اجمل کے پاس اپنے ایکشن کو بہتر بنانے کا کام کرنے اور عالمی کپ سے پہلے تازہ ٹیسٹ کرانے کے علاوہ کوئی اختیار نہیں ہے۔